وزیراعظم کی قیادت میں حکومت دہشتگردی و انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے ‘وزیر اطلاعات

حکومت ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمہ تک جنگ جاری رکھے گی ‘ پرویز رشید

منگل 26 جنوری 2016 14:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت ملک سے دہشتگردی و انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے ‘ حکومت ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمہ تک جنگ جاری رکھے گی ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بیرون ملک دورے پر ہیں، چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد متعلقہ حکام ان کے ساتھ مستقل رابطے میں رہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر عبدالقادر بلوچ، بلیغ الرحمان، سردار محمد یوسف اور میرے سمیت وفاقی وزراء نے حملے کے فوری بعد باچا خان یونیورسٹی کا دورہ کر کے حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزراء نے دورے کے دوران اس وحشیانہ حملے کے بارے میں یونیورسٹی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کر کے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب ملک کو ریاست دشمن عناصر سے پاک کرنے کیلئے شروع کیا گیا، وزیراعظم نے اپنے سوئٹزر لینڈ کے حالیہ دورے میں افغان صدر سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دہشتگردی کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :