پنجاب کے تعلیمی اداروں میں 31جنوری تک چھٹیاں ، بچہ پارٹی خوش ہو گئی

سکول بند کرنے کا فیصلہ صوبے میں جاری شدید سردی کے باعث مشاورت سے کیا گیا،رانا مشہود

منگل 26 جنوری 2016 11:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 جنوری۔2016ء) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں شدید سردی کے باعث تعلیمی اداروں میں 31جنوری تک چھٹیاں کردیں، بچہ پارٹی خوش ہو گئی۔ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکول31 جنوری تک بند رہیں گے جب کہ اسکول بند رکھنے کا فیصلہ شدید سردی کے باعث کیا گیا۔ ای ڈی او ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ والدین کی جانب سے بھی اسکول میں چھٹیاں دینے کی اپیل کی گئی تھی اس لیے طلبہ و طالبات کوشدید سردی سیمحفوظ رکھنے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کے مطابق سکول بند کرنے کا فیصلہ اعلیٰ سطح مشاورت میں صوبے میں جاری شدید سردی کی لہر کو سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق گزشتہ چار پانچ دنوں سے سکولوں میں حاضری انتہائی کم رہی۔ رات گئے چھٹیوں کا اعلان کرنے کے حوالے سے پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر کاشف مرزا نے سکولز بند کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مطابق تعلیمی اداروں میں آخری سیشن چل رہے ہیں اور چھٹیوں سے بچوں کا تعلیمی نقصان ہو گا۔