سینئر سول جج اسلام آباد نے افغان مہاجر کی نادرا میں تعیناتی کے خلاف کیس میں سابق ارکان پارلیمنٹ عبدالرشیداورہارون رشید سمیت آٹھ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے

پیر 25 جنوری 2016 22:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء) سینئر سول جج اسلام آباد عبدالغفور کاکڑ نے افغان مہاجر کی نادرا میں تعیناتی کے خلاف کیس میں سابق سینیٹر فاٹا عبدالرشیداور سابق رکن قومی اسمبلی ہارون رشید سمیت آٹھ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔پیر کو عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا پر وارنٹ جاری کیے۔عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا علاؤالدین کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ایف آئی اے حکام نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم علاؤالدین نے بغیر تصدیق افغان شہری روح اﷲ کو نادرا میں نوکری دی اور دوران ملازمت افغان مہاجر نے دو بھائیوں جعفر اور رزاق کے شناختی کارڈز بھی بنوائے تھے ۔نادرا میں بغیر تقرر نامہ کے افغان مہاجر نے ایک سال تک ملازمت کی اور سابق رکن قومی اسمبلی سمیت دیگر ملزمان نے افغان مہاجروں کے ڈومیسائل کی تصدیق کی ۔واضح رہے کہ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی فراڈ، جعل سازی، رشوت ستانی اور فارنر ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے کاروائی شروع کی تھی۔