تعلیم کے ذریعے ہی دہشت گردی کو شکست دی جاسکتی ہے، ہماری حکومت تعلیمی اداروں کی حالت زار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات میں مثبت و تعمیری سوچ پروان چڑھا رہی ہے، امسال یوسی پٹ بابا اور جہانگیر آباد میں گرلز ہائی سکولز پر کام شروع کریں گے

چیئرمین ڈیڈک کمیٹی مردان ایم پی اے افتخار علی مشوانی کا تقریب سے خطاب

پیر 25 جنوری 2016 22:07

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء ) چیئرمین ڈیڈک کمیٹی مردان ایم پی اے افتخار علی مشوانی نے کہا ہے کہ تعلیم کے ذریعے ہی دہشت گردی کو شکست دی جاسکتی ہے، ہماری حکومت تعلیمی اداروں کی حالت زار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات میں مثبت و تعمیری سوچ پروان چڑھا رہی ہے، امسال یوسی پٹ بابا اور جہانگیر آباد میں گرلز ہائی سکولز پر کام شروع کریں گے،تخت بھائی میں کامرس کالج میں بھی یکم اپریل سے کلاسز شروع ہوجائیگی۔

وہ پیر کو چترال کلے ، یونین کونسل ساڑو شاہ میں گورنمنٹ پرائمری سکول کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ممبران شاہد سیراج، داد خان خیلجی، سعید خان، تحصیل کونسلر قاضی مستقیل شاہ، ضلعی رہنماء امتیاز خان ایڈوکیٹ، قاری آیاز، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء شعیب خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایم پی اے افتخار علی مشوانی نے کہا کہ جی پی ایس چترال کلے کی تعمیر پر 1 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئیگی۔

اور اس سے چترال کلے اور ملحقہ دیہات کے طلباء مستفید ہونگے۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے میں کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے۔ اور تعلیمی اداروں کی حالت زار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ہزاروں نئے اساتذہ بھرتی کئے جارہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ امسال پٹ بابا اور جہانگیر آباد میں گرلز ہائی سکولوں کی منظوری دی جاچکی ہے۔ جو امسال کام شروع کردینگے۔جبکہ تخت بھائی میں کامرس کالج بھی یکم اپریل سے کلاسز کا اجراء کریگا۔ جس سے علاقے میں تعلیمی شعبے میں نمایاں ترقی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :