سعودی عرب اور ایران کے درمیان پاکستان کسی قسم کی ثالثی نہیں کروا رہا ، عادل الجبیر

جب تک ایران کی جانب سے مثبت طرز عمل سامنے نہیں آتاکوئی ثالثی نہیں ہوگی سعودی وزیر خارجہ کی بحرین میں عرب انڈیا تعاون فورم کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت

پیر 25 جنوری 2016 13:47

منامہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء) سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیرنے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان پاکستان کسی قسم کی ثالثی نہیں کروا رہا ہے،جب تک ایران کی جانب سے مثبت طرز عمل سامنے نہیں آتاکوئی ثالثی نہیں ہوگی۔ عرب میڈیا کے مطابق بحرین کے دارالحکومت منامہ میں عرب انڈیا تعاون فورم کے پہلے سیشن کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عادل الجبیر نے کہا کہ کچھ ممالک نے ریاض اور تہران کے درمیان ثالثی اور پیغامات پہنچانے کی پیشکش کی تھی تاہم ایران عرب ممالک کے ساتھ معاندانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران کو معلوم ہے کہ اس سے کیا توقعات کی جارہی ہیں۔ جب تک ایران کی جانب سے مثبت طرز عمل سامنے نہیں آتا تو کوئی ثالثی نہیں ہوگی۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران نے 35 سال سے زائد عرصے سے عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت، فرقہ واریت کے بیج بو کر اور دہشت گردی کی حمایت کر کے جارحانہ نقطہ نظر اپنا رکھا ہے۔ عادل الجبیر نے کہا کہ ایران کواپنے ہمسایوں سے متعلق پالیسی اور حکمت عملی بدلنا ہوگی ۔اسے دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کرنا چا ہئے تاکہ ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات قائم ہو سکیں۔