تعلقات و تعاون کے فروغ کیلئے”پاک ازبک فورم“ کا قیام

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 25 جنوری 2016 11:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 25 جنوری۔2015ء )گہرے تاریخی، ثقافتی اور بھائی چارے کے رشتوں میں جڑے ہوئے پاکستان اور ازبکستان کی عوام کے درمیان باہمی دوستی اور تعاون کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ”پاک ازبک فورم“کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان اور ازبکستان کے مابین کاروبار، تعلیم اور فنون لطیفہ جیسے شعبوں میں باہمی تعاون اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

اس فورم کی بنیاد کاروباری اور فن و ثقافت سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے رکھی ہے۔ اس’ غیر جانبدار‘ فورم کے تحت دونوں ان ممالک کے تعلقات اور تقافت پر مبنی نمائشوں، لیکچرز، دوطرفہ دوروں کے تبادلوں، اور آرٹ اور ثقافتی ترقی کے میدان میں مشترکہ منصوبوں جیسی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ازبکستان کے سفیر فرقت صدیقو و نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ازبکستان کے پاکستان کے ساتھ گہرے تاریخی اور تقافتی تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارت ، زراعت، سیاحت اور تقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات نا صرف مزید مضبوط ہوں گے بلکہ تقافتی تعلقات کو بھی مزید استحکام حاصل ہو گا۔وسطی ایشیا اور مشرقی یورپ میں مبصر کی حیثیت سے پہچان رکھنے والے اور پاک ازبک فورم کے صدر آغا اقرار ہارون نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ فورم پاکستان اور ازبکستان کے تاجروں، محققین، اساتذہ ، طلبا اور سماجی تنظیموں کو ایک دوسرے کے ملک میں رائج کاروباری قوانین، قوانین، طریقہ کار، کاروباری ضروریات، ثقافت، تاریخ، ذہنیت اور معیشت کو سمجھنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔