مصر میں فرعون طوطن خامن کے سنہرے دھاتی نقاب کی داڑھی دوبارہ جوڑنے کے معاملے میں غفلت برتنے پر عجائب گھر کے 8 ملازمین پر مقدمہ چلانے کا فیصلہ

اتوار 24 جنوری 2016 16:27

قاہرہ ۔ 24 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 جنوری۔2016ء) مصر میں فرعون طوطن خامن کے مشہورِ زمانہ سنہرے دھاتی نقاب کی داڑھی دوبارہ جوڑنے کے معاملے میں غفلت برتنے پر قاہرہ کے عجائب گھر کے 8 ملازمین پر مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مصر کے ذرائع ابلاغ کے مطابق عجائب گھر کے حکام نے اپنے بیان میں تسلیم کیا کہ طوطن خامن کے سنہرے نقاب کا داڑھی والا حصہ گلو کی مدد سے جوڑا گیا تھا۔

حکام کے مطابق ملزمان پر لاپرواہی برتنے اور پیشہ وارانہ معیار کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور ان میں عجائب گھر کے ایک سابق ڈائریکٹر اور شعبہ بحالی کے سابق ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔ تین ہزار برس قدیم یہ نقاب قاہرہ کے عجائب گھر کی مقبول ترین اشیا میں سے ہے اور ہر سال اسے دیکھنے کے لیے ہزاروں سیاح آتے ہیں۔

(جاری ہے)

استغاثہ کا کہنا ہے کہ عجائب گھر کے ملازمین نے اپنی غلطی چھپانے کے لیے لاپرواہی سے کام کیا اور بڑی مقدار میں گلو لگا کہ اسے جوڑنے کی کوشش کی۔

استغاثہ نے یہ بھی بتایا کہ داڑھی جوڑنے کی چار کوششیں کی گئیں اور تین مرتبہ ناکامی کے ثبوت مٹانے کی کوشش بھی کی گئی۔ یاد رہے کہ طوطن خامن کے نقاب کی داڑھی ٹوٹنے کی بات اس وقت سامنے آئی تھی جب انٹرنیٹ پر لگائی گئی اس نقاب کی تصاویر میں ٹھوڑی کے گرد چپکانے والے مادے کی لکیر دیکھی گئی تھی جبکہ گذشتہ برس اکتوبر میں آثارِ قدیمہ کی بحالی کے ایک جرمن ماہر کی زیرِ قیادت ایک ٹیم نے سنہرے دھاتی نقاب کو اس کی اصل حالت میں بحال کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :