شدید دھند کے باعث پنجاب میں حادثات میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، 39افراد زخمی

وزیراعلیٰ پنجاب کا حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار، واقعات کی رپورٹ طلب کرلی گئی

اتوار 24 جنوری 2016 14:51

مظفر گڑھ/حافظ آباد/ نارووال/ راولپنڈی/ ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جنوری۔2016ء) شدید دھند کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں میں حادثات کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق جبکہ 39افراد زخمی ہوگئے‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو مظفر گڑھ میں ڈی جی خان روڈ پر دھند کے باعث تیز رفتار ٹرالر نے دو موٹر سائیکلوں کو کچل دیا۔ افسوسناک حادثے میں دو خواتین اور دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حادثے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا۔

(جاری ہے)

ایک اور حادثے میں حافظ آباد کے قریب جلال پور بھٹیاں روڈ کے قریب دھند کے باعث مسافر کوچز میں تصادم کے نتیجے میں اٹھارہ افراد زخمی ہوگئے۔

نارووال میں شکر گڑھ روڈ پر دھند کے باعث ٹریفک حادثے میں سات افراد زخمی ہوئے جبکہ راولپنڈی سے مردان جانے والی بس واہ کینٹ کے قریب دھند کے باعث کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔ ملتان میں دھند کے باعث باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :