کوہ ہندوکش میں رواں ماہ 21ویں بارزلزلہ،5.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کئے گئے

زلزلے کے جھٹکے محسوس کرکے سوات، ملاکنڈ، چترال اور قریبی علاقوں میں شہری گھروں سے باہر نکل آئے

اتوار 24 جنوری 2016 14:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جنوری۔2016ء ) خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی 5.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ گزشتہ روز بھی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 5 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ اتوار کے روز خیبر پختونخوا کے علاقوں سوات، مالاکنڈ، چترال سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پاکستان کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندو کش کے پہاڑی علاقے میں تھا۔

(جاری ہے)

زلزلے کی شدت 5.2 تھی جب کہ اس کی گہرائی زمین میں 80 کلو میٹر نیچے تھی جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق یہ صبح 11:05 منٹ پر آیا۔زلزلے کے جھٹکے محسوس کرکے سوات، ملاکنڈ، چترال اور قریبی علاقوں میں شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔خیال رہے کہ جنوری 2015 میں اب تک کوہ ہندو کش میں 21 بار زلزلہ آ چکا ہے جس میں اس کی سب سے شدت 13 جنوری کو تھی جب یہ 5.9 ریکارڈ کیا گیا البتہ اس کی گہرائی زمین میں 194 کلو میٹر اندر تھی اس لیے اس سے زیادہ نقصانات نہیں ہوئے جبکہ 2 جنوری کو 5.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جبکہ اس کی گہرائی 175 کلو میٹر تھی۔

کوہ ہندو کش زمین کی ان فالٹ لائنز پر واقع ہے کس میں عمومی طور پر حرکت ہوتی رہتی ہے، اس لیے اس علاقے میں اوسطاََ 4 شدت کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :