امریکا، روس کے پانچ اعزازی قونصلوں کے اجازت نامے منسوخ

اپنے پانچ اعزازی قونصلوں کے خلاف امریکی حکومت کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں،روسی وزارت خارجہ

اتوار 24 جنوری 2016 14:24

ماسکو/واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جنوری۔2016ء) امریکی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ ان کے ملک نے روس کے پانچ اعزازی قونصلوں سے "اعتماد کا دستاویز" واپس لے لیا ہے۔ یہ اقدام روس میں کام کرنے والے امریکی سفارت کاروں کو درپیش ایذا دہی کے جواب میں کیا گیا ہے۔ایک بیان میں امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کا کہنا ہے کہ روس میں ہمارے سفارت خانے اور قونصل خانوں کی سرگرمیوں میں رخنہ اندازی جاری رہنے کی صورت میں ہم دیگر مناسب اقدامات کے لیے بھی تیار ہیں۔

روسی وزارت خارجہ نے اپنے پانچ اعزازی قونصلوں کے خلاف واشنگٹن حکومت کے اقدامات کی مذمت کی ہے۔ یہ اعزازی قونصلر پانچ امریکی شہری ہیں جو کیلیفورنیا، فلوریڈا، منیسوٹا، یوٹا اور پیورٹو ریکو میں روس کی نمائندگی کررہے تھے۔

(جاری ہے)

روسی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ امریکی سیکورٹی ادارے روسی سفارتی مشنوں کے اہل کاروں کے خلاف اشتعال انگیز کارروائیاں کر رہے ہیں، اور یہ صرف امریکا تک محدود نہیں ہے۔

دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سرکاری سفارتی تعلقات، اعزازی قونصلوں کے خلاف کیے گئے اقدامات سے ہر گز متاثر نہیں ہوں گے۔ وزارت خارجہ کے نزدیک یہ اقدامات امریکی مفادات کیخلاف ماسکو حکومت کی مماثل تدبیروں کا جواب ہیں۔مارک ٹونر کا کہنا ہے کہ ہم نے یہ قدم روس میں ہماری سفارتی اور قونصلی سرگرمیوں کیخلاف مسلسل جاری روسی مداخلت کے جواب کے طور پر اٹھایا ہے۔ اس مداخلت میں وسیع پیمانے پر ہمارے اہل کاروں کو ہراساں کرنا اور ماسکو میں امریکی مرکز کی جبری بندش شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :