امریکی ریاستوں میں برف کا شدید طوفان، نیویارک بند، واشنگٹن ڈی سی کوخطرات لاحق

واشنگٹن ڈی سی میں ڈھائی فٹ تک برف پڑ گئی،اب تک 20 ریاستوں میں 8 کروڑ 50 لاکھ افراد برفباری سے متاثر اور10افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے ،میڈیارپورٹس

اتوار 24 جنوری 2016 13:24

نیویارک، واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 جنوری۔2016ء) امریکی ریاستوں میں برف کے شدید طوفان کے باعث نیویارک بھی بند ہو گیا ، ساڑھے آٹھ کروڑ امریکی متاثر ہوگئے، واشنگٹن ڈی سی کے بھی طوفان کی زد میں آنے کے خطرات بڑھ گئے ، اس وقت واشنگٹن ڈی سی میں ڈھائی فٹ تک برف پڑ چکی ہے ۔غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق امریکہ کی مشرقی ریاستوں میں حالیہ تاریخ کے شدید ترین برفانی طوفان نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے اور اب تک 20 ریاستوں میں 8 کروڑ 50 لاکھ افراد اس برفباری سے متاثر ہو چکے ہیں۔

برف پڑنے کا سلسلہ جمعے سے شروع ہوا تھا اور اس دوران کچھ علاقوں میں 90 سینٹی میٹر (تین فٹ) تک برف پڑ چکی ہے۔اب تک اس برفانی طوفان کے نتیجے میں 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 11 ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نیویارک شہر کے میئر بل ڈی بلاسیو نے کہا ہے کہ شہر میں دو فٹ تک برف پڑ سکتی ہے اور یہ طوفان شہر کی تاریخ کے پانچ بدترین برفانی طوفانوں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔

انھوں نے عوام سے کہا ہے کہ وہ سڑک سے دور رہیں۔ ’یہ بری چیز ہے اور بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔میئر بلاسیو نے بھی ایک حکم نامے کے ذریعے شہر میں دوپہر ڈھائی بجے کے بعد سے تمام غیر ضروری سفر پر پابندی لگا دی ہے۔طوفان کے نتیجے میں دسیوں ہزاروں مکانات بجلی سے محروم ہیں اور ریاست کینٹکی میں جہاں اب تک سب سے زیادہ برف پڑی، ہزاروں گاڑیاں ٹریفک میں پھنسی ہوئی ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق ٹریفک میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کی لائن 35 میل لمبی ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق برفانی طوفان واشنگٹن ڈی سی سے گزرے گا تو اس وقت وہاں 30 انچ یعنی ڈھائی فٹ تک برف پڑ چکی ہو گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رہائشیوں کو یہ کہاگیا ہے کہ وہ طوفان کے گزر جانے تک کسی محفوظ مقام کو تلاش کر لیں اور وہیں رہیں۔ سڑکیں سنسان ہیں، ریستوران، بار اور سپرمارکیٹس بند ہیں۔اس طوفان کا اثر جنوب میں آرکنساس سے شمال مشرق میں میساچوسیٹس تک ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے ریاست بھر میں سفر پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام پل، سرنگیں، زیرِ زمین ریل سروس اور سڑکیں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :