صوبائی حکومت پائیدار امن قائم رکھنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے،محمود خان

8 ارب روپے کی لاگت سے حلقہ نیابت میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے،صوبائی وزیر

ہفتہ 23 جنوری 2016 22:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جنوری۔2016ء)صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہوم و قبائلی اُمور محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پائیدار امن قائم رکھنے سمیت تمام تعلیمی اداروں کو محفوظ بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقہ بیدرہ میں ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اے این پی ، پی پی پی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے ممتاز شخصیات شیر بہادر عرف کاکا جی ، رسول خان ، عمران خان ، شکیل خان ، سہیل خان ، سراج الدین ، جمال الدین ، احسان اللہ ، اکرام اللہ عرف باچا ، صلاح الدین ، شیر محمد خان ، احسن اللہ ، محمد خان اور حمزلہ نے اپنے اپنے خاندانوں ، رشتہ داروں اور ساتھیوں سمیت اپنی اپنی سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور صوبائی وزیر محمود خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمو دخان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی صوبائی وزیر محمود خان نے حلقہ پی کے 84 مٹہ سوات میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 8 ارب روپے کی لاگت سے حلقہ نیابت میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے جن میں آبنوشی ، آبپاشی ، طبی و تعلیمی اداروں ، سڑکوں ، پلوں اور سیلاب سے بچاؤ کیلئے حفاظتی پشتوں کی تعمیر سمیت بجلی کی فراہمی شامل ہیں جن میں بیشتر منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں سابقہ محرومیوں کا ازالہ ہونے کے ساتھ ساتھ ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا محمود خان نے کہا کہ تبدیلی کے نعرے کو عملی جامہ پہنانا ہے اور تبدیلی کے سفر کو تیز تر کرنا ہے انہوں نے کہا کہ اب عملی کام کرنے کا وقت ہے صرف باتوں سے کام نہیں چلے گا وزیر موصوف نے کہا کہ سرکاری پیسہ عوام کا ہے اور سب سے پہلے پیسہ عوام پر ہی خرچ کرنا ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مخلص قیادت اور صوبائی حکومت کی اچھی کارکردگی و مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ صوبے کے غیور عوام جوق در جوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ منافقت اور جھوٹ کی سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے اور اب عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جو کہ حقیقی معنوں میں عوامی کی بلا امتیاز خدمت و صوبے کی تعمیر وترقی پر یقین رکھتی ہے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ چند مفاد پرست سیاستدان گمراہ کن پروپیگنڈے پھیلا رہے ہیں عوام ان کے جھوٹے اور منفی پروپیگنڈوں پر کان نہ دھریں مخالفین پی ٹی آئی کے ترقیاتی کاموں کیوجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اور ترقیاتی منصوبے عوام پر احسان نہیں یہ اُن کا حق ہے انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران کئے گئے تمام وعدوں کو بتدریج پورا کر رہے ہیں اور عوام کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی پورے ملک میں بھاری اکثریت سے اقتدار میں آئے گی اور وطن عزیز کو لٹیروں سے آزاد کرائے گی