نیب نے کرپٹ لوگوں کو قانون کے مطابق کیفرکردار تک پہنچانے کاتہیہ کررکھاہے، قمرزمان چودھری

ہفتہ 23 جنوری 2016 16:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) قومی احتساب بیوروکے چیئرمین قمرزمان چودھری نے کہاہے کہ نیب نے ملک سے کرپشن کے خاتمے اورکرپٹ لوگوں کو قانون کے مطابق کیفرکردار تک پہنچانے کاتہیہ کررکھاہے، اس مقصد کیلئے نیب کے انسانی وسائل کی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ ناگزیر ہے ، تفتیشی افسران کے نصاب کو بھی بہتر بنایاگیا ہے اورانہیں فورنزک تجزیے کی بھی تربیت دی جارہی ہے۔

چیئرمین نیب ہفتہ کو یہاں نیب ہیڈکوارٹرزمیں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں نیب کے تفتیشی افسران اورپراسیکیوٹرز کی تربیتی ضروریات اورصلاحیت بڑھانے کیلئے مختلف اقدامات کاجائزہ لیاگیا ۔اجلاس میں تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کے سال2016ء کے تربیتی منصوبے کاجائزہ لیاگیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرجنرل تربیت وتحقیق ڈویژن نے تربیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اوربتایا کہ سال2016ء میں تفتیشی افسران کیلئے 11ریفریشرکورس اورپراسیکیوٹرز کیلئے دوریفریشرکورس کاپروگرام بنایاگیا ہے تفتیشی افسران کیلئے مختصردورانیے کے 6 صلاحیت بڑھانے کے کورس بھی ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا کی فیڈرل پولیس اوراقوام متحدہ کے ادارے یو این او بی سی سمیت دیگراداروں سے بھی اس حوالے سے رابطہ کیاگیا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمرزمان چودھری نے کہا کہ نیب اپنے افسران ،حکام اورپراسیکیوٹرز کی تربیت کو بڑی اہمیت دیتا ہے یہ ایک مسلسل عمل ہے جس سے کارکردگی بہتر ہوتی ہے تربیت کے ذریعے ہی انسانی صلاحیتوں کوموثربنایاجاسکتاہے ۔

انہوں نے کہاکہ نیب نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کاتہیہ کررکھا ہے اورکرپٹ لوگوں کو قانون کے مطابق کیفرکردار تک پہنچائینگے اس مقصد کیلئے نیب کے انسانی وسائل کی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہاکہ تفتیشی افسران کے نصاب کو بھی بہتر بنایاگیا ہے اورانہیں فورنزک تجزیے کی بھی تربیت دی جارہی ہے مسلسل بہتری کیلئے ان پروگراموں کا بتدریج جائزہ لیاجاتاہے انہوں نے تربیت وتحقیق ڈویژن کو ہدایت کی کہ اس مقصد کیلئے مختلف عالمی اداروں سے قریبی رابطہ رکھاجائے۔

انہوں نے کہاکہ نیب اپنی تربیتی اکیڈمی بنانے کیلئے کوشاں ہے جو ہیڈ کوارٹرز میں قائم کی جائے گی اوراس میں جدید ترین سہولیات فراہم ہونگی نیب راولپنڈی میں ڈیجیٹل فورنزک سائنس لیبارٹری قائم کردی گئی ہے جس میں فنگرپرنٹس اوردیگر دستاویزات کے تجزیے کی صلاحیت موجود ہے پولیس ٹریننگ سہالہ میں 110 تفتیشی افسران کو تربیت دی جارہی ہے اوراس مقصد کیلئے معیاری نصاب تیار کیاگیا ہے۔

نیب ہیڈکوارٹرز اورریجنل بیوروز میں لائبریریاں بھی قائم کی گئی ہیں تاکہ افسران اورپراسیکیوٹرز کرپشن کے مقدمات اورفیصلوں سے آگاہ ہوسکیں نیب ہیڈکوارٹرز میں قائم ای لائبریری میں تیس ہزار سے زائد الیکٹرانک کتابیں موجود ہیں جن میں قانونی جریدے،سالانہ رپورٹس اورماہانہ قانونی رپورٹ بھی شامل ہیں۔ نیب نے ہائرایجوکیشن کمیشن لائبریری تک رسائی کابھی فیصلہ کیاہے جس سے ہمارے افسران کو فائدہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :