لکی مروت ‘ دو کمسن بچیوں کو تنازعہ حل کرنے کیلئے مخالف گروپ کے حوالے کیے جانے پر دولہا سمیت 9 افراد گرفتار

ہفتہ 23 جنوری 2016 14:16

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) لکی مروت میں دو کمسن بچیوں کو تنازعہ حل کرنے کے لیے مخالف گروپ کے حوالے کیے جانے پر پولیس نے دولہا سمیت 9 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد کو سوارہ نامی قبائلی روایت پر گرفتار کیا گیا جس میں کسی مسئلے کو حل کرنے کے لیے قبیلہ کچھ خواتین کو دوسرے قبیلے کے حوالے کرتا ہے۔

پولیس نے دونوں بچیوں اور ملزمان کو میڈیا کے سامنے بھی پیش کیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او لکی مروت صہیب اشرف نے بتایا کہ تنازعہ کا آغاز اس وقت ہوا جب عید محمد نامی شخص نے مسلم گل کی بیٹی نے پسند کی شادی کرلی۔ڈی او کے مطابق دلہن کے والد شادی سے خوش نہیں تھے اور اس کی وجہ سے دونوں خاندانوں کے درمیان تنازعہ پیدا ہوگیا۔مسئلے کو حل کرنے کے غرض سے جرگے نے عید محمد کو سوارہ کے تحت اپنی دو اور 12 سالہ بیٹیوں کو 45 سالہ مسلم گل کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔اشرف کے مطابق گل نے بڑی بیٹی سے شادی کرلی اور چھوٹی کو اپنے گھر میں رکھا بعدازاں پولیس نے والدہ کی شکایت پر کارروائی کی۔کیس کی ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے جبکہ مزید تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔