ملک کے بیشتر حصوں میں شدید دھند ، فلائٹ آپریشن معطل ، ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر

ہفتہ 23 جنوری 2016 11:47

اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،،ملتان ،پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جنوری۔2016ء)جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی ، بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ، ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی، اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی دو ہو گیا، راولپنڈی اسلام آباد ، پشاور ڈویژن ، بالائی سندھ میں موسم کی موجودہ صورتحال آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ، راولپنڈی اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں پر دھند کا راج ہونے سے حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی جس کے باعث جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی کے بعد سے ہی بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا، اندرون و بیرون ملک جانے والی تین درجن کے قریب پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جبکہ آٹھ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں ، فلائٹ انکوائری کے مطابق مسافر ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پرواز سے متعلق معلومات حاصل کر لیں۔

(جاری ہے)

راولپنڈی اسلام آباد میں موسم کی موجودہ صورتحال آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہنے کی توقع ہے جبکہ جڑواں شہروں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں موسم انتہائی سرد ہے اور جڑواں شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں ، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اگلے تین سے چار روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ ہفتہ کی صبح راولپنڈی اسلام آباد میں درجہ حرارت دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، دیامر میں منفی سات ، سکردو میں منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ ماہرین کے مطابق دھند کی وجہ موسم سرما میں بارش کا کھل کر نہ برسنا ہے۔محکمہ موسمیات نے ملک کے کچھ بالائی علاقوں میں اگلے ہفتے کے وسط میں بعض مقامات پر ہلکی بارش کی نوید تو سنائی ہے جس کے بعد دھند کا موجودہ سلسلہ چھٹنے لگے گا تاہم کھل کربرکھا برسنے میں بھی بہت دیر باقی ہے۔بارشیں اگلے ماہ کے درمیان یا آخر پر ہوں گی یامارچ میں ہوں گی جس کی وجہ سے موسم سرما مارچ کے آخر تک جائے گا