چین کے صدر شی جین پنگ کا فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ

فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے:عرب لیگ کے اجلاس سے خطاب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 22 جنوری 2016 22:03

چین کے صدر شی جین پنگ کا فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 جنوری۔2016ء) چین کے صدر شی جین پنگ نے فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا ہے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہوچینی صدر اپنے مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوسرے مرحلے میں مصر میں ہیں‘ دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو دیوار سے نہیں لگایا جانا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن عمل اور فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔اس ریاست کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہونا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ فلسطین،اسرائیلی تنازعے کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا عمل آگے بڑھایا جانا چاہیے تاکہ فریقین کس امن سمجھوتے تک پہنچ سکیں۔چینی صدر نے کہا کہ ''فلسطینی عوام کے جائز مفادات کو برقرار رکھنا عرب لیگ اور اس کے ساتھ ہی ساتھ عالمی برادری کی ذمے داری ہے۔

(جاری ہے)

چینی صدر نے فلسطینی علاقوں میں سولر پاور اسٹیشن کے منصوبے کے لیے پانچ کروڑ یوآن ( 76 لاکھ ڈالرز) کی امداد کا اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ انھوں نے چین کی جانب سے شام ،اردن ،لبنان،لیبیا اور یمن کے لیے ساڑھے تین کروڑ ڈالرز انسانی امداد کی مد میں دینے کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے شامی بحران پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام کی موجودہ صورت حال جاری نہیں رہ سکتی کیونکہ اس تنازعے کا کوئی بھی فاتح نہیں ہے جبکہ یہ شامی عوام ہیں جو تمام مصائب ومشکلات جھیل رہے ہیں۔

اس تنازعے کے خاتمے کے لیے اولین ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ فوری طور پر جنگ بندی کی جائے اور سیاسی مذاکرات کا عمل شروع کیا جائے۔اس کے ساتھ ساتھ شام میں فوری طور پر انسانی امداد بہم پہنچانے کے لیے کارروائیاں شروع کی جائیں۔صدرشی جین پنگ بدھ کو سعودی عرب کے دورے کے بعد مصر پہنچے تھے12 سال کے وقفے کے بعد یہ کسی چینی سربراہ مملکت کا مصر کا پہلا دورہ ہے۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے حکام نے دوطرفہ سیاسی ،مالیاتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے اکیس معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط کیے ہیں۔ان سمجھوتوں کا تعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں اور انفرااسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری سے ہے۔ان کے تحت مصر کے نئے انتظامی دارالحکومت کے پہلے مرحلے کی تعمیر کی جائے گی۔اس کا گذشتہ سال اعلان کیا گیا تھا۔اس ضمن میں چین نے مصر کے مرکزی بنک کے ساتھ ایک ارب ڈالرز کا سمجھوتا کیا ہیاور وہ مصر کے سرکاری ملکیتی نیشنل بنک کو ستر کروڑ ڈالرز کا قرضہ بھی دے گا۔

متعلقہ عنوان :