پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی کے چیلنجوں سے نمٹاجا سکتاہے‘ڈاکٹر عمر سیف

جدید انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ترقیاتی اہداف کے حصول میں بہت معاون ثابت ہو رہی ہے ‘تقریب سے خطاب

جمعہ 22 جنوری 2016 18:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء ) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ؍وائس چانسلر آئی ٹی یونیورسٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ترقیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کافی صلاحیت موجود ہے جس کے لئے جدید انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی بے حد کارآمد ثابت ہو رہی ہے۔ وہ گذشتہ ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں پندرہ روزہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ڈیزائن سمٹ کی اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

سمٹ کا اہتما م آئی ٹی یونیورسٹی نے یو ایس ایڈز کے تعاون سے کیا تھا اور اس میں پاکستان سمیت تمام برِ اعظموں سے تیس کے قریب مندوبین نے شرکت کی۔ڈاکٹر عمر سیف نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کے باوجود دنیا بھر سے ماہرین کی شرکت قابلِ ستائش بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور کے سماجی مسائل کے حل کے لئے سمٹ کے ماہرین نے جو منصوبے ڈیزائن کیے ہیں ان سے استفادہ کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی اور آئی ٹی یونیورسٹی پنجاب میں عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے اور جدید ٹیکنالوجی کو مہارت سے استعمال کرتے ہوئے تمام شعبوں میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ یو ایس ایڈز کے کامران نیازی نے سمٹ کو بے حد کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح پندرہ دنوں میں سمٹ کے شرکا ء لاہور اور اس کے گردو نواح میں بسنے والے پسماندہ طبقوں کے پاس خود گئے ہیں اور انکے بنیادی مسائل معلوم کیے ہیں وہ ترقیاتی منصوبوں کے حل کی سمت میں مثبت قدم ہے اور ان معلومات کی بنیاد پر ہی حقیقی ترقی کی عمارت استوار ہو سکتی ہے۔

کانفرنس سے امریکہ کے ڈینئل میڈن، آسٹریا کی جولیا کلیمر، ٹوگو کی مس کوفی ہونو اور کینیا کی مس کیتھرین راکام نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر تمام شرکا ء نے اپنے اپنے منصوبوں کی بریفنگ بھی دی۔