اسسٹنٹ کمشنرکینٹ کی سربراہی میں راولپنڈی کینٹ میں ناجائز تجاوزات کیخلاف مہم جاری

ویسٹریج میں ماربل کی دکانوں کے آگے سرکاری اراضی پردکانوں کے درمیان پارٹیشن کیلئے تعمیر دیواریں مسمار کر دی گئیں

جمعہ 22 جنوری 2016 18:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جنوری۔2016ء)اسسٹنٹ کمشنرکینٹ ڈاکٹر ستائش کی سربراہی میں راولپنڈی کینٹ میں ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران جمعہ کے روز آپریشن کے نتیجے میں بیکری چوک کے علاقے ریلوے لائن ویسٹریج میں ماربل کی دکانوں کے آگے سرکاری اراضی پردکانوں کے درمیان پارٹیشن کیلئے تعمیر کی گئی دس فٹ بلند دیواریں مسمار کر دی گئیں۔

اس موقع پر ایس ایس پی ریلوے پولیس عصمت اﷲ جونیجوبھی موجود تھے۔آپریشن کے موقع پر اے سی کینٹ ڈاکٹر ستائش نے خبردار کیا کہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت آپریشن جاری رہے گا اور تمام سرکاری اراضی واہگزار کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے پھاٹک کے ساتھ ماربل کی تقریبا 75 دکانوں کے سامنے سرکاری اراضی پر پختہ فرش تعمیر کرکے دکانوں کے درمیان دس فٹ بلند دیواریں تعمیر کر دی گئی تھیں اور سرکاری اراضی کو کاروباری مقاصد کے لئے استعما ل کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دکانداروں کو اس سے قبل بارہا نوٹسز جاری کئے گئے لیکن انہوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی جس کے بعد ایک ماہ قبل دیئے گئے فائنل نوٹس کے بعد کاروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈاکٹر ستائش نے کہا کہ آپریشن کے پہلے مرحلے میں دیواریں گرائی گئی ہیں اگلے مرحلے میں دکانوں کے آگے تعمیر کیا گیا پختہ فرش بھی اکھاڑا جائے گا۔ انہوں نے کینٹ کے علاقے میں تمام ناجائز قابضین سے کہا کہ وہ رضاکارانہ طور پر سرکاری اراضی خالی کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔