وفاقی حکومت سے حق مانگنا ہماراآئینی حق ہے ،کسی کے پیٹ میں بلاوجہ کیوں مروڑ پڑرہے ہیں؟،چوہدری عبدالمجید

پاکستان میں آج (ن )لیگ کی حکومت پیپلزپارٹی کی مفاہمتی پالیسی کی وجہ سے قائم ہے،انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والے بتائیں آمروں کے بوٹ پالش کر کے کس نے اقتدار حاصل کیا؟، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 22 جنوری 2016 17:33

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے کہاہے کہ وفاقی حکومت سے حق مانگنا ہماراآئینی حق ہے کسی کے پیٹ میں بلاوجہ کیوں مروڑ پڑرہے ہیں؟پاکستان میں آج (ن )لیگ کی حکومت پیپلزپارٹی کی مفاہمتی پالیسی کی وجہ سے قائم ہے۔ پیپلزپارٹی پر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والے بتائیں کہ آمروں کے بوٹ پالش کر کے کس نے اقتدار حاصل کیا؟۔

فاروق حیدر کی طرف سے حکومت پرلگائے جانے والے الزامات سے ان کے ریاستی تشخص اور کشمیریوں کے حقوق کی باتیں بے نقاب ہوگئیں ہیں۔ مسلم لیگ ن آزادکشمیر کومجید فوبیا ہوگیاہے وہ اس مرض کے علاج کے لیے برجیس طاہر کے بجائے کسی سمجھداراور معاملہ فہم کواپنی نبض دکھائیں۔

(جاری ہے)

فاروق حیدر اپنے آستین کے سانپوں پرنظررکھیں ۔ن لیگ کے ایک مفاداتی ٹولے نے جسے اقتدار میں آنے کی جلدی ہے فاروق حیدر کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

وزارت امورکشمیر کی جانب سے کشمیرکونسل کے فنڈز کے وضاحتی بیان اور وفاقی وزیراحسن اقبال کی جانب سے اپنے ساتھی وزراء کے رویوں پر معذرت کے بعد تھوڑی دیرصبرکریں۔ پارلیمنٹ کے سامنے دھرنے سے تحریک آزادی کشمیر کوکوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن اقتدارکے خواب دیکھنے کونقصان ضرور ہوسکتاہے۔ان خیالات کااظہارانھوں نے وزیراعظم ہاؤس میں مختلف عوامی وفوداور میڈیانمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ میرے خلاف تحریک عدم اعتماد اور آزادکشمیر میں جمہوری سسٹم کو استحکام دے کرمیاں نوازشریف نے مستحسن اقدام اٹھایاتھاجس کا ثمر انھیں ڈی چوک کے دھرنوں کے موقع پراورپارلیمنٹ کے اندراورباہر پاکستان پیپلزپارٹی نے جمہوریت کے استحکام اورمیاں نوازشریف کاساتھ دے کردیاہے جس کی بدولت آج پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت برسراقتدارہے۔

انھوں نے کہاکہ ن لیگ آزادکشمیرکے پرامن ماحول میں خود تلخیاں لارہی ہے ہم نے تو ساڑھے چارسالوں میں ہمیشہ رواداری ، تحمل اوربردباری کی سیاست کوفروغ دیا۔ انھوں نے کہاکہ بعض لوگوں کو اقتدار میں آنے کی جلدی ہے اس لیے وہ سیاسی ماحول کو خراب کر نا چاہتے ہیں۔ساری دنیا جانتی ہے کہ ن لیک آزادکشمیر کئی دھڑوں میں تقسیم ہے۔ وزارت عظمی کے کئی امیدوار ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے وزیرامور کشمیر کی وفاداری میں آگے بڑھنے کی کوشش میں آزادکشمیر اور پاکستان کے تعلقات خراب کرانا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی عوامی حکومت نے ساڑھے چا ر سالوں کے دوران وہ قومی مسائل حل کرائے جو گزشتہ حکومتیں ساٹھ سالوں میں نہ کراسکیں۔پیپلزپارٹی پر انتخابات کی دھاندلی کے الزامات لگانے والے بتائیں کہ آمروں کے پوٹ پالش کر کے کس نے اقتدار میں حاصل کیا۔ پیپلزپارٹی نے تو ہر دور میں آمروں کا مقابلہ کیا او ر عوام کے ووٹ کی پرچی کے ذریعہ اقتدار حاصل کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس میں ڈویژنل وضلعی افسران نے بھی وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں اور انھیں جاریہ ترقیاتی عمل کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پرپولیٹیکل سیکرٹری عامرذیشان جرال، وزیراعظم کے صاحبزادے چوہدری قاسم مجید، کمشنرمیرپورڈویژن راجہ امجدپرویز علی خان، ڈی جی ایم ڈی اے چوہدری جاویداقبال، ڈی جی منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری ذوالفقاراعظم، سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری سلیمان، وزیراعظم کے کوارڈینیٹر چوہدری حبیب اللہ، وزیراعظم کے مشیرذکاء اللہ جوشی، چوہدری شیراز، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل چوہدری مشتاق، ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن خواجہ ساجد پہلوان، چیف انجینئربرقیات راجہ اعجاز احمدخان، پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی راہنما نبیلہ ایوب، پرنسپ محترمہ بے نظیربھٹوشہیدمیڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹر میاں عبدالرشید، پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنماماسٹر(ر) راجہ فضل الرحمان کے علاوہ مختلف محکموں کے سرکاری افسران اورعوامی وفود نے بھی وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت نے ساڑھے چارسالوں میں جوتعمیروترقی کے لیے انقلابی اقدمات اٹھائے ہیں وہ مخالفین کوہضم نہیں ہورہے ہیں اور وہ اسی وجہ سے ناں صرف ہم پرالزامات لگارہے ہیں بلکہ الٹاکشمیری تشخص بھی پامال کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہمارا تعمیروترقی کاسفرجاری رہے گا۔

بے بنیاد الزامات ہمیں ترقی کے سفرسے ڈی ٹریک نہیں کرسکتے۔ آئندہ الیکشن میں پوری قوت کے ساتھ عوامی عدالت میں جائیں گے اور انشاء اللہ کامیابی ہمارا مقدربنے گی۔ آئندہ بھی ہم حکومت بنائیں گے۔ آزادکشمیرکے انتخابات میں کسی کی دھونس دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔ بعض عقابت اندیش جویہ سوچتے ہیں کہ پاکستان میں ن لیگ کی حکومت ہے تو آزادکشمیرمیں بھی ن لیگ کی حکومت قائم ہوگی یہ خواب اور خیال دل کوبھلانے کے لیے اچھاہے عملاً کچھ بھی ایسانہیں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :