کورے اینڈرسن اور گپٹل کا پاکستانی باؤلرز پر لاٹھی چارج

جمعہ 22 جنوری 2016 16:46

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جنوری۔2016ء) نیوزی لینڈ نے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی ، نیوزی لینڈ نے 20 میچ میں 196 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 101رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح جھڑتی رہی ڈریسنگ روم میں بیٹھے کوچ اور مینجمنٹ کھلاڑیوں کی آنیاں جانیاں دیکھتی رہی ۔

ابتدائی وکٹ 7 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد حفیظ صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں 7 رنز کے اضافے کے بعد ہی احمد شہزاد بھی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد 15 کے مجموعی سکور پر پاکستانی ٹیم کو تیسرا جھٹکا بھی لگ گیا اور محمد رضوان 4 رنز بنا کر ایک غیر ضروری سکور لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی چوتھی وکٹ 36 کے مجموعی سکور پر گری اور شعیب ملک بھی صرف 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمر اکمل ہیں جو 55 کے مجموعی سکور پر صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کیوی بلے بازوں نے پاکستانی باؤلرز کے چھکے چھڑا دیئے۔ مارٹن گپٹل اور ولیمسن نے انتہائی جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو 57 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ گپٹل نے صرف 19 گیندیں کھیل کر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے اور شاہد آفریدی کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

کین ولیمسن نے 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے اور وہاب ریاض کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ کولن منرو زیادہ دیر کریز پر ٹھہر نہ سکے اور محض 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کورے اینڈرسن نے پاکستانی باؤلرز پر خوب لاٹھی چارج کیا اور محض 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 82 رنز بنا کر مخالف ٹیم کو بہترین ہدف دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ راس ٹیلر نے 6، گرین ایلیٹ نے 19، لوک رونچی نے 1، اور سینٹنر نے 3 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔