مسلم لیگ(ن) کی نااہل حکومت نے خلق خداپر زندگی کے تمام دروازے تنگ کردئیے،محمد جمیل ملک

جمعہ 22 جنوری 2016 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جنوری۔2016ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی نااہل حکومت نے خلق خداپر زندگی کے تمام دروازے تنگ کردئیے ہیں اور عام آدمی بدترین معاشی مشکلات سے دوچار ہے،آج یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا بجلی اور گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ سے لوگوں کا جینا دوبھر ہوگیا اور ہرقسم کا بزنس ٹھپ ہوچکا ہے ، گیس کی بندش سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اورخواتین کھانے کی تیاری کیلئے لکڑیاں اور کوئلہ جلا نے پر مجبور ہیں دوسری طرف حکمرانوں کے محلوں کی بجلی اور گیس ایک سیکنڈ کیلئے بھی بند نہیں ہوتی، ملک میں دہشت گردی، کرپشن،لوٹ مار، بے روزگاری اورلاقانونیت کا دور دورہ ہے اور ڈاکو دن دیہاڑے لوگوں کو لوٹ رہے ہیں ، صوبہ بھر کے تھانے پولیس ٹاوٴٹوں کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں اور حکومتی اراکین اسمبلی کی آشیر باد سے ا یس ایچ اوز دیہاڑیاں لگا رہے ہیں ، قوم نے مسلم لیگ(ن) کواسلئیے ووٹ نہیں دئیے تھے کہ انکے بنیادی حقوق ہی چھین لئے جائیں، اب بھی موقع ہے حکمران کرپشن اور لوٹ مار سے توبہ کرتے ہوئے مسائل اور مشکلات کی چکی میں پسی ہوئی قوم کیلئے کچھ سوچیں اوربجلی اور گیس جیسے اہم مسائل حل کریں بصورت دیگر دھڑن تختہ انکا مقدر بن جائیگا۔