زیارت میں گیس پریشر و بجلی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کیا جائے،سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں مطالبہ

جمعہ 22 جنوری 2016 16:12

زیارت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) پی ٹی آئی ،جے یو آئی( ف) ، جے یوآئی نظریاتی کے رہنماؤں رضوان اللہ کاکڑ ،شعیب الرحمان، حبیب اللہ، ،مذمل احمد،عبدالمالک، طارق عزیز ،انعام اللہ،اعجاز احمد،محمد صادق اور صدام حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ زیارت میں گیس پریشر کی کمی کی وجہ سے اہلیان زیارت کو شدید مشکلات درپیش رہتے ہیں شدید سردی کی وجہ سے اہلیان زیارت گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ جاتے ہیں نہ ان کو گیس میسر ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی اور سہولت موجود ہوتی ہے اس کے علاوہ گاوٴں زڑگی اور اس کے ملحقہ علاقوں کو گیس نہ دینے کی وجہ سے عوام بازاری لکڑیاں اور کوئلہ جلانے پر مجبور ہوگئے ہیں شدید مہنگائی کے دور میں بازار سے لکڑیاں اور کوئلہ خریدنا غریب عوام کے بس میں نہیں آرہا ہے۔

(جاری ہے)

لہذا حکومت ان تمام علاقوں کو گیس کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام اپنے ہی صوبے سے نکلنے والے گیس سے مستفید ہو سکیں۔ ضلع کے اکثر دیہی علاقوں ،زڑگی ،ورچوم، کان ڈپو،چوتیر، سسن منہ ، سوری ،سسنک منہ،منہ، سپینزندی اور سپیرہ راغہ کو گیس جیسے سہولیات فراہم کئے جائے کیونکہ اکثر علاقے ایسے ہیں جو کہ گیس کی سہولت سے صرف دو یا تین کلو میٹرکے فاصلے پر موجود ہیں اور ساتھ ساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی کمی کی جائے کیونکہ ان تمام علاقوں کو صرف چھ گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے اوراٹھارہ گھنٹوں کی طویل ترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور مزید کہ یہ علاقے کمیونیکیشن کی سہولت سے بھی محروم ہے ان تمام مذکورہ علاقوں کوٹاور کی سہولت بھی دیا جائے تاکہ یہاں کے غریب عوام کو کسی بھی وقت مشکل کاسامنا نہ کرنا پڑیں ۔

اور بجلی کے 18گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ زیارت شہر کو گیس کی پریشر میں کمی اور ملحقہ علاقوں کو گیس نہ دینے کی وجہ سے عوام لکڑیاں خرید کر جلانے پر مجبور ہو چکے ہیں دوسری طرف ملحقہ علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ نے ہر قسم کے معمولات زندگی کو متاثر کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف موجودہ حکومت عوام کو ان کے تمام بنیادی سہولیات کے فراہمی کی دعوے کررہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ صوبے میں سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے اور عوام کیلئے دودھ کی نہریں بہنے کے خوشنما دعوے کرتے نہیں تھکتے دوسری طرف عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور زیارت میں گیس اور بجلی لوڈشیڈنگ کا بحران شدت اختیار کیا گیا ہے اور رات کے اوقات کار کے علاوہ اور دن میں بھی لوڈشیڈنگ جاری ہے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام سوختنے لکڑی خریدنے پر مجبور ہیں جان بوجھ کر لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کا بحران پیدا کیا جا رہا ہے اور کہا کہ شہر میں سوئی گیس کے حکام کی لا پروائی کی وجہ سے رات کے اوقات کار میں لوڈشیڈنگ کے علاوہ اب دن میں بھی لوڈشیڈنگ اور گیس کی فراہمی بند کی جاتی ہے ۔

آخر میں رہنماوں نے حکومت ، بجلی اور گیس کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ زیارت شہر اور ملحقہ علاقوں میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا فی الفور خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر عوام سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے اور کسی بھی قانونی کارروائی سے دریغ نہیں کرینگے اور ہڑتال سمیت ہر قانونی عمل پر غور کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :