نجی بجلی گھروں کو سرکلر ڈیبٹ کی غیرقانونی ادائیگی کرپشن کے مترادف ہے،قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، سینیٹر سلیم مانڈوی والا

جمعہ 22 جنوری 2016 15:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے نجی بجلی گھروں کو سرکلر ڈیبٹ کی غیرقانونی ادائیگی کو کرپشن کے مترادف قرار دے دیا ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے 480 ارب روپے کی غیرقانونی ادائیگیوں کی تحقیقات کے لیے قائمہ کمیٹی خزانہ اور پبلک اکاونٹس کمیٹی کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کے لیے خورشید شاہ کو خط لکھ دیا ہے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ سرکلر ڈیبٹ کی مد میں بجلی گھروں کو قومی بھاری ادئیگیاں کرکے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس 20 جنوری کوہوا ہے جس میں سرکلر ڈیبٹ سے متعلق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو اس بات پر حیرت ہوئی ہے کہ وزارت خزانہ نے مالی سال ختم ہونے سے صرف دو روز پہلے بجلی گھروں کو ہنگامی بنیادوں پر 480 ارب روپے کی ادائیگیاں کی ہیں۔ جنہیں آڈیٹر جنرل نے بھی غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ وزارت خزانہ نے یہ رقوم جاری کرنے سے قبل آڈیٹر جنرل آف پاکستان سے کوئی منظوری نہیں لی تھی۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے لکھا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وزارت خزانہ نے قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے پاور سیکٹر کو 480 ارب روپے کی بھاری رقوم جاری کی ہیں۔

جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کا یہ اقدام سنجیدہ کرپشن کے مترادف ہے، جس کی تحقیقات کی جانی چاہیئے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ سرکلر ڈیبٹ کے معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کمیٹی اراکین اس امر سے باخوبی آگاہ ہیں کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے تاہم قائمہ کمیٹی خزانہ اور پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اس معاملے پر مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے لکھا ہے کہ قائمہ کمیٹی خزانہ کے اراکین سرکلر ڈیبٹ کے معاملے پر پبلک اکاونٹس کمیٹی کے اراکین سے ون آن ون ملاقات بھی کرنا چاہتے ہیں تاکہ سرکلر ڈیبٹ اسکینڈل کی تحقیقات کی جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :