آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کے ممبران کیلئے ہیلتھ انشورنس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

311 ممبران کی ہیلتھ انشورنس کے پریمیم کا چیک ای ایف یو لائف ایشورنس کمپنی کے حوالے

جمعہ 22 جنوری 2016 14:47

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جنوری۔2016ء) آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کے ممبران کیلئے ہیلتھ انشورنس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ۔ 311 ممبران کی ہیلتھ انشورنس کے پریمیم کا چیک ای ایف یو لائف ایشورنس کمپنی کے حوالے کرتے ہوئے گروپ انشورنس کو بھی ریوائز کر دیا گیا ۔ وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن محمد امجد چوہدری ، سیکرٹری پریس فاؤنڈیشن / ڈائریکٹر انفارمیشن راجہ اظہر اقبال نے ای ایف یو کے نمائندگان رضوان احمد باجوہ اور کامران ملک کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بانی وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سردار ذوالفقار علی ، اسسٹنٹ سیکرٹری سید بشارت حسین کاظمی اور معاون پریس فاؤنڈیشن ضیاء الرحمن بھی موجود تھے ۔ ہیلتھ پالیسی کے تحت 10 بڑی بیماریوں کی صورت میں ممبران کو ڈیڑھ لاکھ روپے تک کی مالی اعانت کی جا ئے گی جبکہ انشورنس ریوائز کرنے میں ممبران کے اعضاء کے مستقل ضائع ہونے کی صورت میں بھی انشورنس کلیم ادا کیا جائے گا ۔ حادثہ میں مستقل معذوری کی صورت میں ایک سال تک 13 ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے رقم ہر ماہ کمپنی ادا کرے گی ۔ اس کے علاوہ پریس فاؤنڈیشن بہت جلد پنشن انشورنس کا بھی آغاز کر رہی ہے جس کیلئے مختلف کمپنیوں سے مشاورت اور پیشکش حاصل کرنے کا عمل جاری ہے ۔