بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں بیسیوں بارجلیانوالہ باغ جیسے واقعات دہراکر ظلم و جبر کی نئی داستانیں رقم کی ہیں،یاسین ملک کا شہدائے گاؤ کدل کو خراج عقیدت

جمعہ 22 جنوری 2016 14:32

سرینگر ۔ 22 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے شہدائے گاؤکدل کو انکی برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ متحدہ بھارت کی تاریخ میں صرف ایک جلیانوالہ باغ قتل عام کا سانحہ رونما ہوا تاہم جموں و کشمیرمیں بھارت نے بیسیوں بارجلیانوالہ باغ جیسے ظالمانہ واقعات دہراکر ظلم و جبر کی نئی داستانیں رقم کی ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یاسین ملک نے شہداء گاؤ کدل کی یاد میں منعقدہ ایک تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 21جنوری1990کا دن جموں وکشمیر کی تاریخ کا اہم دن ہے جب کشمیریوں نے اپنی آزادی کیلئے ایک عظیم عوامی انقلاب کی شروعات کی اور پہلے ہی دن سے سینہ سپر ہوکر ظلم و جبر کا سامنا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو قوم عزم مصمم کے ساتھ اپنی آزادی کی جدوجہد شروع کرتی ہیں انہیں دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اُن بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو اس قوم نے اپنی آزادی و خودمختاری کیلئے دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 1990میںآ ج ہی کے دن ظالم فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ہے پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کرکے جلیانوالہ باغ کی تاریخ کو دہرا ئی تھی۔ یاسین ملک نے کہا کہ سانحہ گاؤ کدل ہو کہ اُسی دن براڈوے،ڈل گیٹ اور دیگر علاقوں میں اندھادھند فائرنگ،بائی پاس اور زکورہ کراسنگ قتل عام کے واقعات ہو کہ ہندواڑہ اور سوپور کے قتل عام،بیج بہاڑہ میں لوگوں کو تہہ تیغ کیا جانا ہو کہ سیلان پونچھ میں کشمیریوں کا قتل عام،بھدرواہ میں انسانوں کو زندہ جلانا ہو کہ کنگن گاندربل ،مشعلی محلہ،خانیار،درگاہ حضرت بل ،گوجوارہ میں کیا گیا قتل عام کہاں کہاں نہتے کشمیریوں کا لہو نہیں بہایا گیا ۔

تاہم انہوں نے کہاکہ ظلم وجبر ا ور اِستبداد کے یہ تمام حربے ہر دور میں ناکام ثابت ہوئے اور جموں وکشمیر کے غیور آزادی پسند عوام نے اپنی تحریک آزادی کو آج تک جاری رکھا ہوا ہے ۔ یاسین نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں ہمارا اَثاثہ ہیں اور شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائیگا ا ور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا ۔لبریشن فرنٹ کے چیئرمین کشمیری پنڈتوں سے ایک بار پھر وادی واپس آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پنڈت بھائیوں کیلئے کشمیریوں کے دلوں کے دروازے ہمیشہ سے کھلے ہیں۔اس سے قبل ایڈووکیٹ بشیر احمد بٹ اور دیگر لیڈران نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :