ڈپٹی کمشنر استور کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینشن کمیٹی کا اجلاس

جمعہ 22 جنوری 2016 14:28

استور۔ 22 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جنوری۔2016ء)ڈپٹی کمشنر استور محمد عمر شیر چھٹہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینشن کمیٹی کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں ضلع استور کے سرکاری دفاتر کے سربراہان نے شرکت کی ۔اس موقع پو ضلع استور میں مختلف التواشدہ سکیموں کے علاوہ سیکیورٹی کے انتظامات اور مختلف عوامی مسائل پر غوروخوض ہوا ۔ضلعی سربراہان نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے ڈی سی استور کو بریفنگ دی ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے سرکاری سربراہان پرزوردیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے محکموں کی حاضری کو یقینی بنائیں اور عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ ماہانہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن میٹنگ میں ضلعی سربراہان کی شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کئی ماہ سے محکمہ فارسٹ اور وائلڈ لائف کے سربراہان کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس میں اپنی حاضری کو یقینی بناتے ہوئے اپنے محکموں بارے بریفنگ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی ضلعی افسران کسی بھی کام سے ضلع سے باہر جاتے ہوئے ڈی سی آفس کواطلاع کر کے جائیں ۔ڈی سی نے استور مین بڑھتے ہوئے آٹے کے بحران پرنوٹس لیتے ہوئے سول سپلائی حکام سے کہا کہ وہ مجسٹریٹ کی زیر نگرانی فلور ملوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے بلیک مارکیٹنگ مٰیں ملوث آٹا ڈیلرز اور مل مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کے احکامات بھی جاری کئے۔