طالبان کے سامنے نہیں جھکیں گے،باچا خان او ر ولی خان کی برسی عید گاہ میں منائیں گے، بیگم نسیم ولی خان

جمعہ 22 جنوری 2016 12:42

پشاور۔22 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جنوری۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی (ولی) کی چےئر پرسن بیگم نسیم ولی خان نے کہا ہے کہ طالبان کے سامنے نہیں جھکیں گے باچا خان یونیورسٹی میں ہونے والی دہشت گردی کے بعد دس روزہ سوگ کے ساتھ فخر افغان باچا خان اور رہبر تحریک عبد الولی خان کی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ 26 جنوری کو عیدگاہ میں منائیں گے جس میں شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی بھی کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عطیف الرحمان خلیل کے حجرے میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔بیگم نسیم ولی خان نے کہا کہ کبھی گھبراہٹ محسوس نہیں کی موت کے لئے جگہ اور وقت مقرر ہے جو ڈرتا ہے وہ روز مرتا ہے جو نہیں ڈرتا وہ کبھی نہیں مرتا عبد الولی خان پر چار حملے ہوئے چاروں حملوں میں اللہ تعالیٰ نے سلامت رکھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موت داعش اور القاعدہ کے ہاتھ میں نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علم کی روشنی پختونخوا سے پھیلی ہے اس لئے پختونوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے دہشت گرد چاہتے ہیں کہ پختونوں کو ختم اور جہالت کی طرف دھکیل دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سازش کے تحت ایسی مذموم کارروائیاں کی جا رہی ہیں پختونوں کو ان کارروائیوں کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔