بگ بیش لیگ ، عثمان خواجہ کی جارحانہ سنچری

جمعہ 22 جنوری 2016 12:22

بگ بیش لیگ ، عثمان خواجہ کی جارحانہ سنچری

ایڈیلیڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جنوری۔2016ء) پاکستانی نڑاد آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ نے جارحانہ سنچری کی مدد سے بگ باش لیگ کے سیمی فائنل میں سڈنی تھنڈرز کو کامیابی دلا کر پہلی دفعہ فائنل میں پہنچا دیا۔آسٹریلیا کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ باش کا پہلا سیمی فائنل ایڈیلیڈ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اور سڈنی تھنڈرز کے درمیان کھیلا گیا جہاں میزبان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں الیکس روز کے 47 رنز کے بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا سکی، سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔بریڈ ہوج نے 14 رنز بنائے جبکہ مچل نیسر 27 اور عادل راشد 14 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

سڈنی تھنڈر کلنٹ میک کے نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سڈنی تھنڈر کی جانب سے عثمان خواجہ اور شین واٹسن نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور 57 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جس میں واٹسن کا حصہ محض سات رنز کا تھا۔واٹسن کے بعد مائیکل ہسی میدان میں اترے تاہم 87 کے اسکور پر ان کی اننگ بھی تمام ہوئی.لیکن دوسرے اینڈ پر موجود عثمان خواجہ نے اپنی بہترین بیٹنگ جاری رکھی اور ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلا کر پہلی دفعہ فائنل میں پہنچنے کا اعزاز دلایا۔عثمان خواجہ نے59 گیندوں پر 3 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 104 رنز بنائے، ہنری نکولس نے 35 رنز بنا کر عثمان کا بھرپور ساتھ دیا۔عثمان خواجہ کو جارحانہ سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔بگ بیش لیگ کا فائنل 24 جنوری کو کھیلا جائے گا۔