پشاور میں مسلح افراد کی فائرنگ، دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے

جمعہ 22 جنوری 2016 11:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جنوری۔2016ء ) پشاور کے علاقہ رشید گڑھی میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی صبح تھانہ یکہ توت کے علاقے رشید گڑھی میں پیش آیا۔تھانہ یکہ توت کی پولیس کے اہلکار شاہد کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے دونوں افراد پولیس اہلکار تھے۔

(جاری ہے)

اہلکار کے مطابق ان دونوں افراد پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ اپنی رہائش گاہ سے پولیس لائن جانے کے لیے نکلے۔اہلکار کا کہنا تھا کہ مرنے والے پولیس اہلکاروں میں سے ایک کا تعلق مردان اور دوسرے کا پشاور سے ہی تھا۔حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ لاشوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام جائے وقوع پر پہنچ گئے اور حملہ آوروں کی تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ۔خیال رہے کہ پشاور میں ماضی میں پولیس اہلکاروں اور افسران پر حملوں کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں جن میں انھیں ہدف بنا کر قتل کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :