وفاق المدارس کی اپیل پر مدارس کے طلباء نے سانحہ باچا خان یونیورسٹی کے زخمیوں کیلئے خون کے عطیات دیئے، علم دشمنوں کے خلاف پوری قوم متحد ہے ، بے گناہوں کو مارنا دنیا کے کسی بھی مذہب میں جائز نہیں،طلباء کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 جنوری 2016 23:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21جنوری۔2016ء) وفاق المدارس کی اپیل پر چارسدہ مدارس کے طلباء کی کثیر تعدادباچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد خون کے عطیات دینے کیلئے ہسپتال پہنچ گئی ،سب سے زیادہ تعداد میں زخمیوں کیلئے خون کے عطیات دیئے ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وفاق المدارس کی اپیل پر چارسدہ مدارس کے طلباء کی کثیر تعدادباچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد خون کے عطیات دینے کیلئے ہسپتال پہنچ گئی ،جہاں طالب علموں نے زخمیوں کیلئے خون کے عطیات دیئے ۔

اس موقع پر مدارس کے طلباء نے یونیورسٹی کے طلباء سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیااور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علم دشمنوں کے خلاف پوری قوم متحد ہے ،تعلیم حاصل کرنے والوں اور بے گناہوں کو مارنا دنیا کے کسی بھی مذہب میں جائز نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت دینداروں اور سیکولر طبقے کو لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ہم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،انہوں نے کہا کہ اس ملک کے حصول کے لئے ہمارے اکابرین نے قربانیاں دی ہیں اور اب اس کو بچانے اور اس کے استحکام کے لئے ہم بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر دیں گے ،اس موقع پر مولانا حسن جان شہید کے مدرسے کے طلباء نے دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی اور کہا کہ ہمارے مدارس میں مسلسل قر آن خوانی کے بعد شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں کی جا رہی ہیں ،دہشت گردی کے ذریعے جہاں یونیورسٹیوں کو نشانہ بنایا گیا وہیں علماء و طلباء اور دینی مدارس کو بھی ٹارگٹ کیا گیا ،دینی ادارے بھی اس لعنت سے شدید متاثر ہوئے ہیں