سوائن فلو کی روک تھام اور بچاوصرف احتیاط سے ممکن ہے،عوامی سطح پر معلومات عام کرکے اس مرض سے بچا جاسکتا ہے،پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر

جمعرات 21 جنوری 2016 22:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء )پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج و الائیڈ ہاسپیٹلز پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے کہا ہے ک سوائن فلو کی روک تھام اور بچاوصرف احتیاط سے ممکن ہے ،سوائن فلو کا وائرس چھینکنے اور مریض کے زیر استعمال اشیاء سے پھیلتا ہے۔ مرض سے گھبرانے کے بجائے احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر بیماری سے تحفظ حاصل کیا جائے۔

انہوں نے یہ بات ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میڈیکال کالج کے نئے تدریسی بلاک میں سوائن فلو کے بارے میں آگاہی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار میں پانچ سو سے زائد ڈاکٹروں ، نرسنگ و پیرا میڈیکل سٹاف ، فکلیٹی ممبران، میڈیکل سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ ڈاکٹر محمد خرم ، ڈاکٹرجاوید حیات اور ڈاکٹر محمد مجیب خان نے کہا کہ وباء سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

عوامی سطح پر معلومات عام کرکے اس مرض سے بچا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے تینوں ٹیچنگ ہسپتالوں میں سوائن کے علاج کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور تمام متعلقہ عملے کو ٹریننگ دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح ڈینگی پر قابو پانے کے لئے راولپنڈی کے ہولی فیملی اور دیگر ہسپتالوں میں علاج معالجے کے خصوصی انتظامات کئے گئے اسی طرح سوائن فلو کے لئے بھی مقامی ہسپتالوں میں علاج کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر محمد عمر نے کہا سوائن فلو کے مریضوں کے فوری علاج کے لئے میڈیکل سٹاف کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں اور مریضوں کی آگاہی کے لئے بھی سمینارز منعقد کئے جائے رہے ہیں۔ سیمینار میں سوائن فلو کی تشخیص اور علاج کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ سوائن فلو سے بچنے کے لئے ماسک استعمال کیا جائے اور ہجوم کے درمیان منہ پر رومال رکھ جائے اسی طرح مریض کھانسی اور چھینک آنے پربھی منہ رومال سے ڈھانپ کر رکھیں۔