شہر میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری،یونیورسٹی روڈ پر جوہر کمپلیکس کے سامنے سڑک اور فٹ پاتھ پرقائم تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا

جمعرات 21 جنوری 2016 21:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی کی ہدایت پر شہر میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھتے ہوئے جمعرات کو یونیورسٹی روڈ پر جوہر کمپلیکس کے سامنے سڑک اور فٹ پاتھ پر بانسوں کے چھپرے، جانوروں کے پنجرے، آہنی کیبنز، پتھارے، ٹھیلے ،مچھلی فروشوں کے کیبنز اور بڑی تعداد میں پھل، سبزی، پان کے کیبنز سمیت دیگر تجاوزات کا خاتمہ کردیا جن کے باعث اس علاقے میں کافی عرصے سے شہریوں خصوصاً خواتین اور بچوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اور یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پڑ رہا تھا۔

محکمہ انسداد تجاوزات کی اس کارروائی کی نگرانی ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان نے کی جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر معین غوری، ڈپٹی ڈائریکٹر محمود صدیقی ، محکمہ انسداد تجاوزات کا عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا، تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دورن مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے بات چیت کے ذریعے حالات پر قابو پالیا، جوہر کمپلیکس کے قرب و جوار میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے شروع کی گئی کارروائی میں ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا تاکہ شہریوں کو تجاوزات کے باعث ہونے والی مشکلات سے نجات دلائی جاسکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان نے بتایا کہ شہر کے دیگر علاقوں کی طرح جوہر کمپلیکس کے اطراف میں مقیم شہریوں نے بھی یہاں بڑھتی ہوئی تجاوزات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا تھا جس پر یہ کارروائی شروع کی گئی جس کی وجہ سے یہاں ایک بڑا آپریشن کیا گیا اور علاقے کو تجاوزات سے پاک کردیا گیا، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ سے موسمیات چورنگی تک مرکزی سڑک کے اطراف سڑک اور فٹ پاتھ سے ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے کے لئے کارروائی کی گئی اور ارد گرد کے علاقے کو تجاوزات سے پاک کردیا۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا اور شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے تجاوزات کیخلاف اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ تجاوزات مافیا کی حوصلہ شکنی ہو اور شہریوں کو اپنے روزمرہ امور کی انجام دہی میں سہولت ملے۔