کراچی، پاکستان میں تبدیلی کا واحد راستہ صرف اور صرف نظام مصطفےٰ ﷺ کا نفاذ ہے،مفتی محمدجان نعیمی

جمعرات 21 جنوری 2016 18:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) تحفظ ناموس رسالت ہر مسلمان کا فریضہ ہے، پاکستان کے آئین میں باقاعدہ درج ہے کہ شریعت کے خلاف کوئی قانون نہیں بنے گا ، لیکن کچھ بیانات سے ایسالگ رہاہے کہ حکومت قانون ناموس رسالت میں ترمیم یاتبدیلی چاہتی ہے، اس سے قبل بھی اس قسم کی باتیں حکمران طبقے کی جانب سے ہوتی رہی ہیں،لیکن حکمران خاطر جمع رکھیں پاکستان کے غیورعشاقان مصطفےٰ ﷺ ایساہرگزنہیں ہونے دیں گے، اس سلسلے میں باقاعدہ تحریک چلائی جائے گی ملک بھر کے علماء ومشائخ سے رابطے جاری ہیں، 9اپریل کو پاکستان کے غلامان رسول عربی ﷺ اپنی طاقت کا بھرپورمظاہرہ کریں گے۔

غلامیء رسول ﷺ کا تقاضہ یہی ہے کہ ہر کلمہ گو ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے نکلے اور اپنادینی فریضہ انجام دے۔

(جاری ہے)

یہ باتیں دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ ملیر کراچی میں صاحبزادہ مفتی غلام محمدنعیمی شہیدؒ کے عرس مبارک کے موقع پرمنعقدہ سالانہ غوث الاعظم ؒکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتیء اعظم سندھ صاحبزادہ مولانا محمدجان نعیمی، ہندوستان سے تشریف لائے ہوئے اولاد اعلیٰحضرت صاحبزادہ تسلیم رضابریلوی، علامہ سیدعظمت علی شاہ ہمدانی، خطیب اہلسنّت علامہ غلام یاسین گولڑوی، مفتی عبدالحلیم ہزاروی، قاری عبدالوہاب شاہ قادری، صاحبزادہ مفتی نذیر احمدجان نعیمی، مولانابہرام نعیمی ودیگر نے کہیں۔

کانفرنس میں مفتی بسم اﷲ شاہ نعیمی، صاحبزادہ مفتی عابد جان نعیمی،مولانافدااحمدنعیمی، مفتی گل حسن نعیمی، مفتی محمدابراہیم نعیمی، مفتی عبداﷲ کمال،صاحبزادہ ازہر شاہ ہمدانی، مفتی شاہد نعیمی،غلام مرتضیٰ بلوچ، حلیم خان غوری، صاحبزادہ شبیر جان نعیمی،مولاناغلام مصطفےٰ نعیمی،ذوالفقارعلی بھٹو،صاحبزادہ اویس ہزاروی ودیگر بھی شریک تھے ۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان میں تبدیلی کا واحد راستہ صرف اور صرف نظام مصطفےٰ ﷺ کا نفاذ ہے، ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی سازشوں میں مصروف عناصر میں وہ لوگ شامل ہیں جو کہ قیام پاکستان کے ہی خلاف تھے، کچھ عناصر بین الااقوامی طور پر عالم اسلام کے ممالک کی سالمیت، استحکام اور خوشحالی کو ختم کر کے اسلام کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کو کم اور قوت کو کمزور کرنے کے درپے ہیں اور اسلامی ممالک میں جدت ، ترقی پسندی اور روشن خیالی کے نام پرمسلمانوں کو گمراہ کررہے ہیں مگر اہلسنت عوام ، رہنماؤں اور انکے دینی اکابرین و علمائے کرام ملک کی سلامتی اور استحکام کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت فرقہ واریت کی فضاء باالکل نہیں ہے کیونکہ قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمد نورانی ؒ نے اپنی زندگی میں ہی متحدہ مجلس عمل کا پلیٹ فارم تشکیل دے کر اس پر بریلوی، دیوبندی، اہل تشیع اور اہل حدیث و دیگر مکاتب فکر و مسالک کے علماء و زعماء کو ایک ساتھ جمع کر کے اس کا قلع قمع کر دیا تھا ان کے وصال کے بعد آج بھی اتحاد امت کا لگایا ہوا ان کا پودا ایک مضبوط درخت کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے مختلف مسالک اور مکاتب فکر کے علماء، زعما اور رہنما اور عوام باہم اتفاق و اتحاد سے ملک میں فرقہ وارانہ اور بین المسالک ہم آہنگی کو بر قرار رکھ کر اسلامی نظام حکومت کی منزل کے حصول میں کوشاں ہیں مگر بدقسمتی سے ملک میں کچھ سازشی عناصر اپنے مخصوص اور مذموم مقاصد کے حصول کے لئے اس مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد بین المسالک کو ختم کرنے کے درپے ہیں اور ان کا اصل مقصد وطن عزیز کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو گرا کر ملک کا خاتمہ کرنا اور بیرون ملک اپنے آقاؤں کو خوش کرنا ہے۔

لیکن پاکستان میں بسنے والے کروڑوں عاشقان رسولﷺ ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اپنے دل،جان، اور تمام مال و اسباب سے کرکے ملک اور دین کے دشمنوں کے مذموم اور مخصوص مقاصد کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ،9اپریل کو تمام عاشقان رسول ﷺ تحفظ ناموس رسالت کے جذبے کے تحت گھروں سے نکلیں گے۔

متعلقہ عنوان :