سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات اور نیب کے ہیڈ کوارٹر اور محتسب اعلیٰ کی سیکریٹریٹ کا دورہ

جمعرات 21 جنوری 2016 18:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل سے پرامید ہیں کیونکہ پاکستان کی نئی نسل بہت ذہین اوربیشمار خوبیوں کی مالک ہے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جمعرات کوسندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی سربراہی میں سینیٹ سیکریٹریٹ کے دورے پر آئے ہوئے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے طلبا ء وطالبات کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔

سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے یہ طالب علم وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی سربراہی میں ’’نیشنل لیڈرشپ پروگرام ۲۰۱۶ء‘‘ کے تحت اسلام آباد میں واقع قومی اداروں کا دورہ کررہے ہیں۔ رضا ربانی نے کہا کہ نوجوان طالب علموں کو لیڈرشپ کے بارے میں سیکھنا اور اپنی صلاحیتوں کے بارے میں معلوم کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ان کو تب تک سوالات پوچھتے رہنا چاہیئے، جب تک وہ اپنے حقوق حاصل نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ کسی وقت میں کراچی بہتر طلباء سیاست کا مرکز تھا، لیکن بعد میں آمریتی دور میں اسے ختم کردیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی شیخ ایک بہترین انسان ہیں، جنہوں نے اپنی یونیورسٹی کے طالب علموں کو سیکھنے کا یہ ایک شاندار موقع فراہم کیا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ میان رضا ربانی کا قائد اعظم محمد علی جناح سے ایک تعلق ہے، اور وہ اس طرح کہ ان کے والد صاحب قائد اعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھی تھے۔

انہوں نے میان رضا ربانی کا شکریہ ادا کیا ، جنہوں نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے طالب علموں کو سینیٹ سیکریٹ کا دورہ کرنے کا موق فراہم کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری سینیٹ ڈاکٹر پرویز نے وفد کو سینیٹ کی تشکیل اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔ بعدازان وفد نے سینیٹ سیکریٹریٹ اور وزیٹرس گیلری کا دورہ کیا۔ اس کے بعد سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وفد نے قومی احتساب بیورو کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں نیب کے چیئرمین جناب قمرالزمان چودھری نے ان کا استقبال کیا۔

اس مو قع پر وفد سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ وہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ اور وفد کے باقی ارکان کا شکرگذار ہے ، جنہوں نے نیب کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انجنیئرنگ یونیورسٹی لاہور سے ایک مفاہمتی سمجھوتا کیا ہے اور مستقبل میں اس طرح کا سمجھوتا سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے ساتھ بھی کرنا چاہتے ہیں۔

نیب کے چیئرمین نے مزید کہا کہ آج وہ اپنے لئے یہ بہت اعزاز کی بات سمجھ رہے ہیں کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی مادر علمی کے طالب علم ان کے درمیاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ مدرسہ نے زندگی کے ہر شعبے کے بے شمار رہنما پید ا کیے ہیں۔ اس موقع پر سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وفد کے اعزاز میں نیب کے چیئرمین کی طرف سے استقبالیہ کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی اور نیب کے پرانے تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے طالب علموں کو اپنے اس قومی ادارے کا دورہ کرنے کا موقع فراہم کیا کیونکہ یہ ادارہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے ’’نیشنل لیڈرشپ پروگرام ۲۰۱۶ء‘‘ کیلئے جن طالب علموں کا انتحاب کیا گیا ہے، وہ یونیورسٹی کے ذہین طالب علم ہیں۔

اس کے ساتھ ان کے تعلیمی نتائج اور ان سے کیے گئے انٹرویوز کی بنیاد پر ان کا انتخاب کیا گیا۔ اس موقع پر نیب کے ڈائریکٹر جنرل مس عالیہ رشید اور سید خالد اقبال نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وفد کو نیب کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ جبکہ ڈاکٹر محمد علی شیخ نے نیب کے چیئرمین کو سندھ مدرسہ یونیورسٹی کی شیلڈ اور دیگر تحائف دیے۔ اور نیب کے چیئرمین نے ڈاکٹر محمد علی شیخ کو شیلڈ اور طالب علموں کو تحاف دیے۔ اسی دن سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وفد نے محتسب اعلیٰ کی سیکریٹریٹ اور نیشنل لائبرری کا بھی دورہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :