چارسدہ میں یونیورسٹی پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے،ایس ایم منیر

سیاسی و عسکری قیادت کی ملک دشمن عناصر کے خلاف یکسوئی قابل تحسین ہے، زاہد سعید

جمعرات 21 جنوری 2016 18:13

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر زاہد سعید، سینییر نائب صدر سلیم الزماں، نائب صدر سید واجد حسین اور کاٹی کے سابق صدور اور ممبران نے چارسدہ میں باچاخان یونیورسٹی پر ہونے والے حملے اور اس کے نتیجے میں پروفیسر، طلباء اور دیگر اسٹاف کی شہادت پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی جانب سے ملک میں تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں علم کے حصول کے لیے آنے والے طلبا پر دہشت گردوں کا حملہ ان کی پست ذہنیت ، علم اور انسان دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

جاری ہونے والے بیان میں صنعت کار رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک کی سیاسی و عسکری قیادت ملک دشمن عناصر کے خلاف یکجا ہے جو کہ قابل تحسین ہے،نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمداور موثر حکمت عملی سے دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی موبائل سموں کے استعمال پر فوری پابندی اور اس کے خلاف موثر قانون سازی کی جائے تاکہ دہشتگردوں کے باہمی نیٹ ورک ختم کئے جاسکیں، اس کے ساتھ ساتھ ان دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے عناصر کی بھی نشاندہی کرتے ہوئے انکو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف جنگ پوری شدت سے جاری رہنی چاہئے اور انکے خلاف بلاتفریق کاروائی کرتے ہوئے ان کا قلع قمع کرتے ہوئے انکو نشان عبرت بنایا جائے ۔

بیان میں شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور جاں بحق ہونے والے افراد کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیااور حکومت سے درخواست کی کہ ان شہداء کے لواحقین کی ہر سطح پر بھرپور مدد کی جائے، علاوازیں کاٹی نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ صنعت کار و تاجر برادری دہشت گردی سمیت ملکی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلیے سیاسی و عسکری قیادت کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے اور قومی سلامتی کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :