محکمہ ہیلتھ کے زیر اہتمام انفلوائنزا وائرس سے آگاہی کے حوالے سے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا

سیمینار میں شرکاء کو انفلوائنزا کے پھیلاؤ ‘علامات ‘بچاؤ کی تدابیر اور علاج کے حوالے سے آگاہ کیا گیا

جمعرات 21 جنوری 2016 18:12

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء)محکمہ ہیلتھ قصور کے زیر اہتمام انفلوائنزا وائرس سے آگاہی کے حوالے سے ای ڈی او ہیلتھ آفس میں گزشتہ روز سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں ای ڈی او ہیلتھ قصور ڈاکٹر مسعود طارق، فزیشن ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عامر مشتاق ‘ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ محمد خرم ابراہیم ، پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایچ ڈی سی ڈاکٹر محمد خالد ، ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالناصر گوہر ، کوآرڈینیٹر نیشنل پروگرام ڈاکٹر ثمرہ خرم ،لیڈی ہیلتھ ورکرز ، لیڈی ہیلتھ سپروائزرز ، سی ڈی سی سپروائزرز اور دیگر محکمہ صحت کے ملازمین نے شرکت کی ۔

ڈاکٹر عامر مشتاق نے شرکاء سیمینار کو انفلوائنزا وائرس کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ انفلوائنزا کیسے پھیلتا ہے اسکی علامات کیا ہیں ‘ اس سے بچاؤ کی تدابیر کیا ہیں اور اسکا علاج کیا ہے ۔

(جاری ہے)

محمد خرم ابراہیم نے انفلوائنزا وائرس سے نمٹنے کیلئے ضلع قصور کے ہسپتالوں میں کئے جانیوالے انتظامات سے آگاہ کیا ۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مسعود طارق نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور اور تحصیل لیول پر باقاعدہ علیحدہ وارڈز تشکیل دے دیئے گئے ہیں اور مفت علاج و تشخیص کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بیماری قابل علاج ہے اس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ۔بعدازاں ای ڈی او ہیلتھ آفس سے چوک مسجد نورتک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ ہیلتھ کے افسران سمیت ملازمین نے شرکت کی ۔واک میں انفلوائنزا وائرس سے آگاہی کے متعلق شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور واک کے دوران محکمہ صحت کی جانب سے لوگوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے گئے ۔