اسسٹنٹ کمشنروردہ مشہود شورش کا کم وزن نان شاپس ‘ناقص صفائی اور ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنیوالوں کیخلاف کاروائی

7دوکانیں سیل ‘15ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ‘بھٹوں پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے چھاپے ‘غیر معیاری اشیاء کی فروخت کیخلاف مہم جاری رہے گی ‘وردہ مشہود شورش

جمعرات 21 جنوری 2016 18:12

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء)ڈی سی او قصور کی خصوصی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر قصوروردہ مشہود شورش نے کم وزن نان شاپس ‘ناقص صفائی ستھرائی اور ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا ‘7دوکانیں سیل جبکہ 15ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر قصور وردہ مشہود شورش نے کھارا روڈ ، بیرون رکن دین ، نیشنل بینک چوک اور بیرون کوٹ اعظم خاں قصور میں کم وزن نان شاپس ، ہوٹلوں میں کھانے پینے والی اشیاء میں ناقص صفائی اور ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنیوالے دوکاندارو ں کے خلاف بھرپور کاروائی کرتے ہوئے دوکانیں سیل کیں اور جرمانہ کیا ۔

وردہ مشہود شورش نے کہا کہ غیر معیاری ‘ناقص کھانے کی اشیاء کی فروخت ‘ ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے اور کم وزن نان و روٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم جاری رہے گی تا کہ عوام الناس کو معیاری اور مقررہ ریٹس پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر قصور نے بیرون رسول پورہ اور دیگر مقامات پر درجنوں اینٹوں کے بھٹوں پر چائلڈ لیبر کو چیک کرنے کیلئے چھاپے مارے جہاں پر کوئی بھی بچہ مزدوری کرتے ہوئے نہ پایا گیا ۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ تمام اینٹوں کے بھٹوں کو چیک کر رہی ہے اور کسی بھی بھٹہ مالک کو چائلڈ لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی ۔