قومی اسمبلی اجلاس:ایوان میں اندھیرا چھا گیا،کارروائی ایک منٹ تک معطل رہی

اپوزیشن ارکان نے ”گو بجلی گو“ کے نعرے لگائے سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر اراکین نے موبائل ٹارچ آن کر دیئے

جمعرات 21 جنوری 2016 17:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اچانک بجلی ج انے سے ایوان میں اندھیرا چھا گیا اور کارروائی ایک منٹ تک معطل رہی جبکہ اس دوران اپوزیشن نے شدید نعرے بازی شروع کر دی اور گو بجلی گو کے نعرے لگاتے رہے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سمیت اراکین قومی اسمبلی نے موبائل ٹارچ آن کر دیئے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق جب ایمنسٹی سکم بل کی شق وار منظوری کروا رہے تھے تو عین اسی وقت بجلی چلی گئی جس کے باعث پورا ایوان اندھیرے میں ڈوب گیا اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی مائیک بند ہونے کے باعث کارروائی رک گئی جبکہ اس دوران اپوزیشن اندھیرے میں شدید نعرے بازی کرتے ہوئے شیم شیم کے نعروں کے ساتھ گو بجلی گو کے نعرے بھی لگاتے رہے بعدازاں ایک منٹ بعد بجلی دوبارہ آنے کے بعد ایوان دوبارہ روشن ہو گیا اور سپیکر اسمبلی نے بجلی جانے اور یکدم اندھیرا ہونے پر ذمہ داران کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے