اے پی ایس کے شہداء کے لواحقین اور طلبہ کا باچا خان یونیورسٹی حملہ میں زخمیوں کیساتھ اظہار یکجہتی، پھول لیکر ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ پہنچ گئے

دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کا مقابلہ کریں گے، والدین،طلبہ

جمعرات 21 جنوری 2016 15:04

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 جنوری۔2016ء) سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے والدین اور طلبہ پھول لے کر ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ پہنچ گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے لواحقین اور طلبہ پھولوں کے گلدستے لے کے باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہار یکجہتی کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں پھول پیش کئے اس موقع پر اے پی ایس کے شہداء کے والدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کا مقابلہ کریں گے ۔

والدین کا کہنا تھا کہ دہشت گرد چاہتے ہیں ہمارے بچے تعلیم حاصل نہ کریں لیکن ہم ان کو اس مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ دوسری طرف انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے لئے مثبت اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ دہشت گرد کو اپنے مقاصد میں ناکامی ہو ۔