وفاقی محتسب نے محکمہ کے الیکٹرک کے خلاف 15درخواست گزاروں کو فوری انصاف فراہم کر دیا

جمعرات 21 جنوری 2016 14:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) وفاقی محتسب ریجنل آفس کراچی کی سینئر ایڈوائزر فرزانہ جبیں و ایڈوائزر محمد یامین نے ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس میں محکمہ کے الیکٹرک کے خلاف زائد بلنگ کی شکایات کے ازالے کیلئے 15افراد کی جانب سے دی جانے والی درخواستوں کی سماعت کی اور درخواست گذاروں کو فوری انصاف فراہم کردیا اس موقع پر کے الیکٹرک کے سینئر افسر معروف سولنگی بھی موجود تھے۔

درخواست گزاروں کو فوری انصاف کی فراہمی سے خوشی کی لہر دوڑ گئی اور وفاقی محتسب کے ادارے کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی محتسب کی سینئر ایڈوائزر فرزانہ جبیں اور ایڈوائزر محمد یامین نے اس موقع پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ جو 1983سے قائم ہے تاہم یہ ادارہ موجودہ محتسب اعلیٰ سلمان فاروقی کی قیادت میں بہت زیادہ فعال اور متحرک ہوگیا ہے یہی وجہ ہے کہ اب سیکڑوں کی تعداد میں حاصل ہونے والی شکایات اب ہزاروں میں تبدیل ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسر کو 45دن کے اندر تمام کمپلینٹس کا فیصلہ کرنے کا پابند کیا گیا ہے تاکہ نہ صرف انصاف کی مفت فراہمی ہو بلکہ فوری انصاف مہیا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب ِ اعلیٰ سلمان فاروقی کی ہدایت ہے کہ جس محکمے کے خلاف کمپلینٹس ہوں فوری طور پر متعلقہ محکموں کو بھیج دی جائیں تاکہ تاریخ سماعت پر ان کا جواب تحریری شکل میں موجود ہو اور فیصلہ کرنے میں مدد مل سکے اور ایک ہی پیشی پر فیصلہ ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ ادارہ ہے جو غریب لوگوں کیلئے کام کر رہا ہے جو انصاف کے حصول کیلئے مقدمہ کرنے اور وکلا کی بھاری فیس دینے کی استطاعت نہیں رکھتے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس میں جو شکایات سنی گئیں وہ اس سلسلے کی کڑی ہے انہوں نے کہا کہ اس ادارے کا مقصد ضلعی سطح پر اس قسم کی عدالت کا اہتمام کرکے غریب آدمی کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لالہ اقبال، مختار ابڑو اے ڈی سی ملیر II، مختیارکار عمران جسکانی اور دیگر قابلِ ذکر شخصیات موجود تھیں۔

متعلقہ عنوان :