وزیراعظم نواز شریف آج سوئٹزر لینڈ میں عالمی اقتصادی فورم کے تحت جنوبی ایشیا کے موضوع پر مباحثے میں شرکت کریں گے

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 21 جنوری 2016 13:16

ڈیوس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 21 جنوری۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف آج سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے تحت جنوبی ایشیا کے موضوع پر مباحثے میں شرکت کریں گے۔ مباحثے کے شرکا جنوبی ایشیا کے مستقبل پر اثر انداز ہونے والے عالمی رجحانات اور قومی ترجیحات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ انفرا اسٹرکچر اور توانائی ، سیکیورٹی خطرات ، معاشی ناہمواری اور روزگار کے مواقع کی فراہمی پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

(جاری ہے)

مباحثے کی ماڈریٹر سینئر امریکی بزنس صحافی لیزا گِبس ہوں گی۔ شرکاء میں وزیراعظم نوازشریف ، سری لنکن وزیراعظم رانِل وکرما سنگھے ، بنگلادیشی ماہر اقتصادیات اور سماجی رہنما محمد یونس ، بھارت کے سب سے بڑے نجی بینک آئی سی آئی سی آئی کی سربراہ چندا کوچَھر اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکی ہیکو ناکاؤ شامل ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف گذشتہ روز عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزر لینڈ پہنچے تھے۔وہ مختلف ایونٹس میں شرکت کے ساتھ اہم سیاسی و کاروباری رہنماوں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :