وزیراعلیٰ بلوچستان کی باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

ملک دشمن عناصر تعلیمی اداروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر قوم کو تعلیمی پسماندگی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں، نواب ثناء اﷲ خان زہری

بدھ 20 جنوری 2016 22:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بزدلانہ کاروائی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کی اس بہیمانہ کاروائی کو ملک اور قوم کے مستقبل پرحملہ قرارد یتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے تعلیمی اداروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر قوم کو تعلیمی پسماندگی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں تاہم پوری قوم بالخصوص اساتذہ اور طلبہ اس قسم کی بزدلانہ کاروائیوں سے خوف زدہ نہیں ہوں گے۔

ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیاں اور ترقیاتی عمل بھرپور طریقے سے جاری رہے گا اور پاک فوج اور سیکورٹی ادارے پوری قوم کی مدد سے ان عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنادیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ چارسدہ یونیورسٹی میں شہید اساتذہ اور طلبہ نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر تاریخ رقم کردی ہے۔ آج پوری قوم تعلیمی ترقی کے مقصد کو لے کر یک صف ہے وزیراعلیٰ نے شہید طلبہ اور اساتذہ کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی اور تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبرجمیل کی دعا ہے۔ جبکہ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔