فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی ‘بارانی زرعی یونیورسٹی سمیت ڈویثرن بھر کی تمام یونیورسٹیوں ‘کالجز اور سکولوں کی سکیورٹی بڑھادی گئی

بدھ 20 جنوری 2016 22:39

راولپنڈی۔20جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء ) چارسدہ میں باچاخان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی ‘پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی سمیت راولپنڈی ڈویثرن بھر کی تمام یونیورسٹیوں ‘کالجز اور سکولوں میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ‘ تعلیمی اداروں کے باہر غیر ضروری پارکنگ پر پابندی‘ داخلی گیٹ کے قریب سکیورٹی گارڈ وں کو بیرکوں میں الرٹ رہنے ‘کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے 24گھنٹے نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے۔

بدھ کو چارسدہ میں باچاخان یونیورسٹی میں ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کے بعد قائمقام کمشنر راولپنڈی ساجد ظفر ڈال کی خصوصی ہدایات پر فاطمہ جنا ح وویمن یونیورسٹی ‘پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی ‘ فاؤنڈیشن یونیورسٹی ‘ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ ) ‘رفاہ انٹر نیشنل یونیورسٹی ‘ایپسکام یونیورسٹی سمیت دیگر سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں میں سکیورٹی مز ید سخت کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی کے پرنسپل آفیسر ندیم ملک نے ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء“ سے گفتگو کر تے ہوئے بتایا کہ چارسدہ یونیورسٹی پر حملے کے بعد سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ‘یونیورسٹی کا ایک گیٹ بند کر دیا گیا ہے ‘داخلے اور واپسی کے لیے ایک ہی گیٹ رکھا گیا ہے ‘داخلی مقامات پر سکیورٹی کے اضافی سکیورٹی گارڈ تعینات کیے گئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے خفیہ نگرانی کی جارہی ہے ۔

ڈائریکٹر کالجز راولپنڈ ی ڈویثرن پروفیسر ہمایوں اقبال نے ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء“ سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ‘اٹک ‘چکوال اور جہلم میں 110سے زائد کالجز میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔ تمام تعلیمی اداروں کے باہر غیر ضروری پارکنگ پر پابندی ‘چھتوں پر سکیورٹی گارڈز کو صبح سے شام تک الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔