ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گراں فروشوں کے خلاف چھاپے ، دکانداروں کولاکھوں کے جرمانے

بدھ 20 جنوری 2016 22:38

ٹوبہ ٹیک سنگھ۔20 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء)رواں ماہ کے پہلے پندرہ روز کے دوران ضلع بھر کے 27پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران 866چھاپے مار کر دکانداروں کو مجموعی طور پر تین لاکھ 37ہزار 200روپے جرمانہ عائد کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ذیشان شبیر رانا سمیت چھ ضلعی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 124چھاپوں کے دوران دکانداروں کو ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے اور اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ قیمتوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے پر تیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ،اسی طرح تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اسسٹنٹ کمشنر واصف بشیر کھوکھر سمیت چھ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 138چھاپوں کے دوران دکانداروں کو پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر92ہزار 700روپے جرمانہ عائد کیا ،تحصیل گوجرہ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اسسٹنٹ کمشنر سید تنویر مرتضیٰ سمیت چھ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے دوران چیکنگ 403چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر دکانداروں کو ایک لاکھ تین ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ،تحصیل کمالیہ میں اسسٹنٹ کمشنر خالد محمود سمیت پانچ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے دوران چیکنگ 75چھاپوں کے دوران پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو 51ہزار 500روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ تحصیل پیر محل میں اسسٹنٹ کمشنر حافظ محمد نجیب سمیت چار پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 126چھاپوں کے دوران گراں فروشی اور ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے پر دکانداروں کو ساٹھ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔