پراونشل ٹیکنیکل کمیٹی برائے انفلوئنزا کنٹرول کا اجلاس

سیزنل فلوسے بچنے کیلئے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کیا جائے،عوامی مقامات ، اجتماعات میں جاتے وقت ماسک استعمال کریں، ماہرین

بدھ 20 جنوری 2016 22:38

لاہور۔20 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء)مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پراونشل ٹیکنیکل کمیٹی برائے ایچ ون ، این ون انفلوئنزا کنٹرول کا اجلاس بدھ کے روز کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا،اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر فیصل مسعود ، پروفیسر کامران چیمہ ، پروفیسر روبینہ سہیل ، پروفیسر ثاقب سعید ، پروفیسر اکمل لئیق، پروفیسر احسن وحید راٹھور ، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر معاذ احمد ، یونیسف کے نمائندے ڈاکٹر طاہر منظور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر امجد شہزاد اور ڈاکٹر ثومیہ اقتدار نے شرکت کی ،اجلاس میں صوبے خصوصاً لاہور ، راولپنڈی اور ملتان میں ایچ ون ، این ون انفلوئنزا کی صورتحال اور اس بیماری کے علاج کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا - ماہرین کا کہنا تھا کہ سیزنل انفلوئنزا کے کیس ہر سال موسم سرما میں رپورٹ ہوتے ہیں اور یہ بیماری دنیا کے بہت سے ممالک میں پائی جاتی ہے - ایچ ون این ون انفلوئنزا سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ لوگ عوامی مقامات ، اجتماعات میں جاتے وقت منہ پر ماسک استعمال کریں ، صفائی نصف ایمان ہے “کے فلسفہ پر عمل کرتے ہوئے ( پرسنل ہائی جین ) حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کیا جائے ، نزلہ، زکام کے مریض منہ اور ناک میں انگلیاں نہ ڈالیں اور اپنے ہاتھ صابن سے دھوئیں ، ماہرین کا کہنا تھا کہ دنیا میں کسی بھی ملک میں انفلوئنزا کے خلاف ماس ویکسی نیشن کی سفارش نہیں کی جاتی ، طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ سیزنل فلو کے علاج میں استعمال ہونے والی ٹامی فلو گولیاں صرف ہسپتال میں زیر علاج مریض کو استعمال کرائی جائیں کیونکہ ان گولیوں کے عام استعمال سے دوائی کی افادیت کم ہو جائے گی ، ماہرین نے سیزنل انفلوئنزا کے حوالے سے انڈیا ، سنگا پور ، ترکی اور دیگر ممالک میں ہونے والے کیسز پر بھی تبادلہ خیال کیا ، ماہرین نے سرکاری ہسپتالوں میں انفلوئنزا ایچ ون این ون کیلئے بنائے گئے ہائی ڈپنڈنسی یونٹس میں کام کرنے والے ڈاکٹر ز اور دیگر سٹاف کی پرسنل پروٹیکشن کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا، اس بارے میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر امجد شہزاد نے اجلاس کو بریف کیا ، ماہرین نے کہا کہ سیزنل انفلوئنزا کی صورتحال اپیڈیمک نہیں تاہم صورتحال کی مانیٹرنگ اور اس سلسلہ میں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے اور بیماری کے بارے عوامی شعور بیدار کیا جائے ،ماہرین نے کہا کہ ہسپتال میں زیر علاج انفلوئنزا ایچ ون این ون کے مریض کی تیمارداری کیلئے ایک وقت میں صرف ایک ہی شخص جائے اور تیمار دار بھی ماسک استعمال کرے تاکہ مریض کے کھانسنے ، چھینکنے سے دوسرے لوگ متاثرنہ ہوں ۔