حکومت مزدور وں کی فلاح و بہبود اور انکے جائز مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے،عبداللطیف کاکڑ

بدھ 20 جنوری 2016 22:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء )ڈائریکٹر جنرل نظامت تعلقات عامہ عبداللطیف کاکڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مزدور پیشہ افراد کی فلاح و بہبود اور انکے جائز مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے۔ اخبار فروش رزق حلال کے حصول کیلئے جس محنت اور لگن سے کام کر تے ہیں معاشرے میں انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اخبار فروش مارکیٹ میں انجمن کی جانب سے انکے اعزاز میں دیئے گئے عصرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر انجمن اخبار فروشاں کے صدر حاجی محمد یوسف ،جنرل سیکرٹری میر احمد راسکو وال و دیگر عہدیدار اور اخبار فروش بھی موجود تھے۔ عبداللطیف کاکڑ نے کہا کہ اخبار فروشوں کے مسائل جائز ہیں اور انکے حل کیلئے ہر سطح پر کوشش کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہیں یہ سن کر خوشی ہوئی ہے کہ بعض اخبار ات کے مالکان کا بھی ہمیشہ انہیں تعاون حاصل رہا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ باقی اخبارات مالکان بھی اس سلسلے میں تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں اگر اخبارات کی بروقت ترسیل نہ ہو تو بہت سے انتظامی معاملات مکمل نہیں ہوتے اور عوام کو آگا ہی بھی حاصل نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اخبار فروش مارکیٹ کی عمارت کی مرمت، بجلی کا بل ، صبح سویرے اخبارات کی تقسیم کے دوران راہزنی کے واقعات کی روک تھام اور متاثرہ اخبار فروشوں کے مسائل ، رہائشی کالونی کا گزشتہ اور ادوار میں حکومت کی جانب سے اعلان اور پیش رفت کے جائزہ کے علاوہ مارکیٹ کے مستقل اخراجات کیلئے باقاعدہ گرانٹ جیسے مطالبات کو متعلقہ اداروں کے نوٹس میں لایا جائے گا۔

موجودہ حکومت ان کے جائز مطالبات ضرور حل کرئے گی۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ وہ اپنے کام میں دلچسپی بڑھانے کے ساتھ ساتھ اس صنعت کے فروغ میں اخبار مالکان اور نظامت تعلقات عامہ کے ساتھ تعاون برقرار رکھیں ۔ آخر میں صدر یوسف بلوچ اور جنرل سیکرٹری میر احمد نے عبداللطیف کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔