قوموں کی زندگی میں مشکل مراحل آتے ہیں ، جو قومیں درپیش چیلنجوں ،جرات اور دانشمندی کے ساتھ مقابلہ کرتی ہیں وہ اپنے مقاصد میں کامیاب اور سرخرو ہوتی ہیں

گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کی ایران کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل سید حسن یحٰیوی سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 20 جنوری 2016 22:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ قوموں کی زندگی میں مشکل مراحل آتے ہیں ۔لیکن جو قومیں درپیش چیلنجوں ،جرات اور دانشمندی کے ساتھ مقابلہ کرتی ہیں وہ اپنے مقاصد میں کامیاب اور سرخرو ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے حال میں موجود مواقع سے بھر پور استفادہ کرتی ہیں اور اپنے روشن مستقبل کو یقینی بناتی ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ایران کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل سید حسن یحٰیوی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ گورنر نے ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں کے خاتمہ کو خوش آئند قرار دیا ۔ قونصل جنرل اور ایرانی قوم کو مبارکباد دی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ایران خطے میں امن اور ترقی کی کاوشوں میں موثر کردار ادا کریگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے صدیوں پرانے تہذیبی اور تجارتی رشتے موجود ہیں اور آج بھی دونوں ممالک ایک دوسرے سے سود مند اور نتیجہ خیز تعاون کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ایران کے قونصل جنرل کی حیثیت سے سید حسن یحٰیوی کی خدمات کو سراہا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبوں میں مستحکم تر ہونگے۔

متعلقہ عنوان :