گورنر بلوچستان کی باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

دہشت گردوں سے نمٹنا وقت کی اہم ضرورت ہے، دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے سب کوفعال کردار ادا کرنا ہوگا،محمد خان اچکزئی

بدھ 20 جنوری 2016 22:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے اس موقع پر ایک بیان میں کہا کہ سفاک دشمنوں اور بے رحم دہشت گردوں سے نمٹنا وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے اور یہ مقصد قوم کے مکمل اتحاد و اتفاق کے ساتھ ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان نے کہا کہ معصوم طلباء و طالبات اور ماہرین علم اور اساتذہ کو نشانہ بنانا کسی طرح اسلام کی تعلیمات سے مطابقت نہیں رکھتا اور ایسے انسان دشمن بہیمانہ جرائم میں ملوث عناصر اسلام اور پاکستان کو بد نام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے معاشرے کے تمام حصوں کو مربوط اور فعال کردار اداد کرنا ہوگا۔ گورنر نے واقعہ میں شہید ہونے والوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دُعا کی ۔