کراچی معاشی لحاظ سے پاکستان کا دل ہے اور یہاں امن و امان کا قیام پورے پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے لازمی حیثیت رکھتا ہے، گورنر سندھ

امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا، ڈاکٹر عشرت العباد خان

بدھ 20 جنوری 2016 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جنوری۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی معاشی لحاظ سے پاکستان کا دل ہے اور یہاں امن و امان کا قیام پورے پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے لازمی حیثیت رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ شہر قائد میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کسی قسم کی تفریق کے بغیر آپریشن کیا گیا ہے اور یہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربیتی دورے پر آئے ہوئے 46 ویں پاکستان بحریہ اور 13 ویں کارسپانڈنس کورسز کے شرکاء کے وفد کے سوالات کے جواب میں کیا جس نے بدھ کو بٹالین کمانڈر ایڈمرل امجد خان نیازی کی قیادت میں ان سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ، یہ کورس پاکستان نیوی وار کالج منعقد کروا رہا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبائی حکومت کا آپریشن کے آغاز کے پہلے دن سے یہ پختہ عزم ہے کہ اسے ہر صورت میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے نتیجہ میں دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری کے واقعات میں 80 فی صد تک کمی واقع ہوئی ہے اور شہر میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا ہے انہوں نے کہا کہ یہ بات ہم سب جانتے ہیں کہ ترقی و خوشحالی براہ راست امن و امان کی صورتحال سے منسلک ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکار خصوصاً رینجرز مبارکباد کی مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے اس آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

غیر ملکی امدادی اداروں کی مدد اور تعاون سے خصوصاً اندرون سندھ چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ اس ضمن میں سندھ پولیس میں ایک خصوصی یونٹ قائم کیا گیا ہے جو کہ ان ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکی افراد کی سیکیورٹی کو یقینی بناتا ہے ۔ گزشتہ 13 برس کے دوران بطور گورنر سندھ درپیش چیلنجز اور مسائل کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہر مشکل اور چیلنج سے نمٹنے کے لئے قومی سلامتی کو ہمیشہ فوقیت دی انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ، نسلی اور سیاسی ہم آہنگی دشوار چیلنجز تھے جنہیں انہوں نے کمیونٹیز کی مدد سے حل کرنے کی کوشش کی تاکہ صوبہ میں رہنے والے افراد اور کمیونٹیز کے مابین باہمی اخوت اور برداشت کو فروغ دیا جاسکے انہوں نے کہا کہ پاور اور انرجی سیکٹر پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے اور اس ضمن میں تیار ایک خصوصی پلان کے تحت کراچی کا اب 70 فی صد علاقہ لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہے جوکہ ابتداء میں 17 فی صد تھا ۔

اس سے کراچی میں صنعتی پیداوار کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2005 تک کراچی کا کوئی ماسٹر پلان نہیں تھا جوکہ اب تیار ہو چکا ہے اور اس پر عملدرآمد کیا جارہا ہے گورنرسندھ کے کردار اور آئینی ذمہ داریوں کے حوالے سے پوچھے جانے والے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گورنرکا کردار عوام اور صوبوں کے مابین باہمی اخوت اور رواداری کو فروغ دینا ہے۔وفد کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ اس کورس میں69 شرکاء حصہ لے رہے ہیں جن میں سے 51 کا تعلق پاکستان کی مسلح افواج سے ہے جب کہ دیگر 18 غیر ملکی مسلح افواج سے تعلق رکھتے ہیں یہ ان کا 7 واں سمسٹر ہے جبکہ یہ کورس 8 سمسٹرز پر مشتمل ہے۔