بھٹوں کے مزدوروں اور انکے اہلخانہ کیلئے میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے،ڈاکٹر آصف طفیل

بچوں اور عورتوں کے میڈیکل چیک اپ کے علاوہ مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی، ڈی سی او سیالکوٹ

بدھ 20 جنوری 2016 21:28

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جنوری۔2016ء) ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں اور ان کے اہلخانہ کیلئے میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے بالخصوص بچوں اور عورتوں کے میڈیکل چیک اپ کے علاوہ ان کو مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ بدھ کے روز منعقدہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے محکمہ بہبود آبادی سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ذوالفقار غوری، ڈی او پاپولیشن ویلفیئر سیالکوٹ ندیم احمد، ڈاکٹر خالد محمود، ڈاکٹر صدیق شاد، ڈاکٹر ضیغم، ڈاکٹر فرح ناز، ڈاکٹر صدف یحییٰ ، ڈاکٹر عظمیٰ قیوم، ٹی پی ڈبلیو او ڈسکہ ثناء اسلم، ڈاکٹر منعم جاوید، ڈی ڈی او ایجوکیشن سیالکوٹ طارق جاوید، ارشد محمود، حافظ اصغر علی چیمہ اور مفتی کفایت اللہ شاکر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او سیالکوٹ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کررہی ہے اور چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے پورے صوبے میں مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہبود آبادی کے سوشل موبلائزر کے ذریعے بھٹہ مزدوروں میں تعلیم اور صحت کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ضلع سیالکوٹ میں پاپولیشن ویلفیئر کے دفاتر کو دیہی و بنیادی مراکز صحت میں منتقل کرنے کے سلسلہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا اور محکمو ں کے مابین بہترین ورکنگ ریلیشنز شپ قائم کی جائے گی ۔

ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ بہبود آبادی کے فیلڈ ورکرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن اسسٹنٹ(Monitoring & Evaluation Assistant) کو بھرتی کیا گیا ہے۔ڈی او پاپولیشن ویلفیئر سیالکوٹ ندیم احمد نے ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ بہبود آبادی ضلع سیالکوٹ کی ضلع بھر میں 55مراکز ہیں جہاں پر ماں اور بچے کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے علاوہ آنے والے مریضوں کو جنرل میڈیسن بھی فراہم کی جارہی ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال 65ہزار مریضوں کوعلاج معالجے کی سہولتوں کے علاوہ ادویات بھی مفت فراہم کی گئیں جبکہ محکمہ بہبود آبادی ضلع سیالکوٹ کارکردگی کے اعتبار سے صوبے میں چوتھی پوزیشن پر ہے ۔ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے مہیا کی جانے والے سہولتوں پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے مقامی حکام کو تلقین کی کہ وہ ملک و قوم کی خدمت میں کوئی اٹھا نہ رکھیں اور جذبہ حب الوطنی سے اپنے ذمہ داریوں کو انجام دیں ۔ آخر میں ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے نئے بھرتی ہونے والے مانیٹرنگ اینڈ ایویلویشن اسسٹنٹ میں تقرر نامے تقسیم کئے ۔